رسائی کے لنکس

گولڈن گلوب ایوارڈز کا میلہ’لٹ‘ گیا


امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ’گولڈن گلوب ایوارڈز 2016‘ کے میلے میں ’دی ریوننٹ‘ ۔۔’بہترین فلم‘ لیونارو ڈی کیپریو ’بہترین اداکار‘ اور بری لاسن ’بہترین اداکارہ‘ کے ایوارڈ کی حقدار قرار پائیں۔۔۔باقی فنکاروں میں سے کس نے کون سا ایوارڈ حاصل کیا۔ ذیل پڑھئے:

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ’گولڈن گلوب ایوارڈ 2016‘ کا میلہ سجا جس میں ہالی ووڈ نگری کے ستاروں نے محفل کی رونقیں دوبالا کر دیں، جبکہ سال کی بہترین فلم کا ایوارڈ ’دی ریوننٹ‘ نے جیت لیا۔

تہترویں گولڈن گلوب ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب بیورلی ہلٹن میں ہوئی جس کا لطف گھر بیٹھے کروڑوں ناظرین نے بھی دل بھر کر اٹھایا۔

’نیویارک ٹائمز‘، ’فوکس نیوز‘ اور برطانوی نیوز ایجنسی، رائٹرز نے گولڈن گلوب ایوارڈ کی خوشبو اور رنگوں بھری تقریب کے حوالے سے بتایا کہ لیونارو ڈی کیپریو نے ’دی ریوننٹ‘ میں عمدہ کردار نگاری پر بہترین اداکار کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

بری لاسن بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کی حقدار قرار پائیں فلم ’روم‘ کے لئے اور ’دی ریوننٹ‘ کے ہدایت کار ’بہترین ڈائریکٹر‘ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔

’دی مارشینز‘ سال کی بہترین کامیڈی، میوزیکل فلم کا ایوارڈ لے اڑی۔ اسی فلم کے لئے میٹ ڈیمن بہترین کامیڈی اداکار جبکہ فلم ’جوائے‘ میں منجھی ہوئی اداکاری پر جینفر لارنس کو گولڈن گلوبز ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تالیوں کی زبرست گونج میں استقبال ہوا ویٹرن ایکشن ہیرو سلوسٹر اسٹیلون کا جنہیں فلم ’کریڈ‘ کے لئے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔کیٹ ونسلٹ نے بہترین معاون اداکارہ کی ٹرافی جیتی فلم ’اسٹیوجابز‘ میں اچھی اداکاری کرنے پر جبکہ بہترین اینی میٹیڈ فلم کا ایوارڈ ’ان سائیڈآوٴٹ‘ کے حصے میں آیا۔

سنگر اور اداکارہ لیڈی گاگا نے اپنی زندگی کا پہلا گولڈن گلوب ایوارڈجیتا لمیٹڈ ٹی وی، مووی سیریز کیٹگری میں امریکن ہارر اسٹوری’ہوٹل‘ کے لئے۔

انتہائی جذباتی لیڈی گاگا نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ وہ شروع سے ہی اداکارہ بننا چاہتیں تھیں۔

لیڈی گاگا کے لئے ایوارڈ کا اعلان ہوا تو لیونارڈو ڈی کیپریو کے تاثرات سب کی توجہ کا مرکز بن گئے اورلوگ لیڈی گاگا سے زیادہ ڈی کیپریو کے تاثرات پربات کرتے دکھائی دئیے۔ میڈیا نے بھی باربار لیونارڈو کو دکھایا۔

ہنگری کی فلم ’سن آف سول‘ کو ’غیرملکی زبان کی بہترین فلم‘ کا گولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG