ہالی وڈ فلم نگری میں 72ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کے ساتھ ہی ’ایوارڈز سیزن‘ کا آغاز ہوگیا، جس کا نقطہٴعروج آسکرایوارڈز ہوں گے۔
لاس اینجلس کے بیورلی ہلٹن ہوٹل میں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں ابھرتے ہوئے اسٹارز سے لے کر انگنت دلوں پر راج کرنے والے فنکاروں سمیت فلم، ٹی وی، فیشن و اسٹائل کی دنیا کا ہر چمکتا ستارہ موجود تھا۔
فلم ’بوائے ہڈ‘ نے تین ایوارڈ جیت کر، گولڈن گلوب ایوارڈز کی رنگوں اور خوشبووٴں سے سجی شام کو اپنے نام کیا۔
’بوائے ہڈ‘ کو بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر اور بہترین سپورٹنگ ایکٹریس کے ایوارڈز سے نوازا گیا، جو بالترتیب رچرڈ لنک لیٹراور پیٹریشیا آرکٹ نے حاصل کئے۔
انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’انسائیڈ موویز‘ کے مطابق، ’تھیوری آف ایوری تھنگ‘ میں پروفیسر اسٹیفن ہاکنگ کا کردار نہایت خوبی سے نبھانے پر ایڈی ریڈمین کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ بہترین اسکور کا ایوارڈ بھی ‘تھیوری آف ایوری تھنگ‘ کے حصے میں ہی آیا۔
جولیئن مور نے فلم ’اسٹل ایلس‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔ بہترین سپورٹنگ ایکٹر کی ٹرافی اداکار جے کے سائمنز اپنے گھر لے کر گئے۔ فلم ’وپ لیش‘ میں ادا کئے گئے کردار پر۔
’دی اسٹار‘ کے مطابق، فلم ’برڈ مین‘ کو بہترین اسکرین پلے اور اداکار مائیکل کیٹن کو اسی فلم کے لئے بہترین اداکار کامیڈی، میوزیکل کا ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین کامیڈی، میوزیکل فلم ’دی گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل‘ قرار پائی۔
سال کی بہترین اینیمیڈڈ فلم کا گولڈن گلوب ’ہاوٴٹوٹرین یورر ڈریگن 2 کودیا گیا۔
ٹی وی شوز
اب ذرا بات ہوجائے ان ٹی وی شوز کی جو مختلف کیٹگریز میں گولڈن گلوب ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہے۔ ’ٹرانسپیرنٹ‘ نے بہترین کامیڈی، میوزیکل کا ایوارڈ اپنے نام کیا، جبکہ جیفری ٹیمبر نے’ٹرانسپیرنٹ‘ کے لئے ہی بہترین اداکار کامیڈی، میوزیکل کا ایوارڈ جیتا۔
بہترین ڈرامہ سیریز ’دی افیئرز‘ قرار دیا گیا، جبکہ اسی سیریز کے لئے رتھ ولسن بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لے اڑیں۔’ہاوٴس آف کارڈز‘ میں عمدہ اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ کیون اسپیسی کو دیا گیا۔