شوال کا چاند نظر آگیا، منگل کو عیدالفطر ہوگی

کمیٹی کو ایک درجن سے زائد مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ سب سے پہلے جیکب آباد اور سکھر سے چاند نظر آنے کی شہادات موصول ہوئیں۔ اس کے بعد جیوانی، پسنی، کشمور، ٹھٹھہ، نواب شاہ اور دیگر علاقوں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں

پاکستان میں عید کا چاند نظر آگیا ہے۔ منگل29جولائی کو ملک بھر میں عیدالفطر دینی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

چاند نظرآنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے کراچی میں ہونے والے کمیٹی اجلاس کے بعد کیا۔

اجلا س میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے متعددعلماء نے شرکت کی جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں زونل اور صوبائی رویت ہلال کمیٹیوں کے بھی اجلاس ہوئے۔

کمیٹی کو ایک درجن سے زائد مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ سب سے پہلے جیکب آباد اور سکھر سے چاند نظر آنے کی شہادات موصول ہوئیں۔ اس کے بعد جیوانی، پسنی، کشمور، ٹھٹھہ، نواب شاہ اور دیگر علاقوں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں موضول ہوئیں۔

کراچی اور پنجاب کے کئی علاقوں میں پیر کی شام مطلع ابر آلود تھا، اس لئے شہادتوں پر انحصار کیا گیا۔ ان شہادتوں کے جائزے کے بعد متفقہ طور پر چاند نظر آنے اور منگل کو عید منانے کا اعلان ہوا۔

چاند نظر آنے کے امکانات واضح تھے: ماہرین
رویت ہلال کمیٹی میں شریک علما کو تجربہ کار ماہرین پر مشتمل ایک ٹیکنیکل کمیٹی کی فنی معاونت بھی حاصل تھی جو انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس اینڈ پلانیٹری سائنس (اسپا) کراچی یونیورسٹی کے سابق ڈائریکٹر اور ماہر فلکیات شاہد قریشی، سپارکو کے ماہرین، پاکستان نیوی کے کمانڈر توقیر اور محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم پر مشتمل تھی۔

چیف میٹرولوجسٹ اور ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ توصیف عالم نے وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگومیں کہا کہ ’آج چاند نظرآنے کے واضح امکانات تھے۔ تاہم، کراچی اور اس سے زیادہ صوبہ پنجاب میں موسم خاصا ابر آلود تھا۔ امکانات واضح ہونے کی وجہ یہ تھی کہ آج غروب آفتاب کے و قت چاند کی عمر تقریباً 40 گھنٹے دو منٹ تھی۔کراچی میں غروب آفتاب سات بج کر20 منٹ اورغروب مہتاب کا وقت آٹھ بج کر چارمنٹ تھا، جبکہ 32گھنٹے سے زائد عمرہونے پرچاندنظر آنے کے واضح امکانات ہوتے ہیں۔‘

ماہر فلکیات شاہد قریشی کا کہنا ہے کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات واضح تھے کیوں کہ نئے ماہ کے چاند کی پیدائش کا وقت اتوار 27 جولائی صبح 3 بج کر 44منٹ تھاجبکہ کراچی میں غروب آفتاب کے چوالیس وٴیں منٹ بعد تک اس کے واضح نظرآنے کے امکانات تھے۔

دوعیدوں کی روایت برقرار
اس تمام صورتحال کے برخلاف پاکستان میں سابقہ سالوں کی طرح اس بار بھی دو عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی۔ صوبہ پختوانخوا ہ کے مختلف علاقوں مثلاً باجوڑ اورخیبر ایجنسیز میں پیر کو عید منائی گئی۔

پشاور کی مقامی مسجد قاسم علی خان میں اتوار کی رات ہی مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے رات گئے چاند نظر آنے کااعلان کر دیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں بنوں، کرک، صوبائی مردان اور دیگر مقامات سے 48 شہادتیں موصول ہوئی ہیں جس کے جائزے کے بعد انہوں نے پیر کو عید منانے کااعلان کیا۔

نجی رویت ہلال کمیٹی کو تسلیم نہیں کرتے: صوبائی وزیر
خیبر پختوانخواہ کے وزیر مذہبی امور حبیب الرحمن کاکہنا ہے کہ خیبرپختوانخواہ حکومت مسجد قاسم علی خان سمیت کسی بھی نجی رویت ہلال کمیٹی کو تسلیم نہیں کرتی، صوبائی حکومت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ ہے اور اسی کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے عید منائی جائے گی۔

دنیا کے متعدد ممالک میں عید
پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی منگل کو ہی عید منائی جائے گی۔ وہاں چاند نظر آنے کا اعلان دہلی کی جامع مسجد کے امام بخاری نے کیا جبکہ دیگر ممالک مثلاً سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، کویت، عراق، اردن،قطر، بنگلہ دیش، گھانا، فلسطین، نائیجیریا، انڈونیشیا، ملائیشیا، سنگاپور، جرمنی ، مشرق بعید، امریکہ اور یورپ میں پیر کو عید منائی گئی۔