رسائی کے لنکس

ملک میں دو عیدوں کی روایت برقرار


پاکستان میں ماضی کی طرح اس سال بھی دو عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی اور پیر کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے بعض اضلاع اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں بعض مقامات پر عید الفطر منائی گئی۔

پاکستان میں ماضی کی طرح اس سال بھی دو عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی اور پیر کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے بعض اضلاع اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں بعض مقامات پر عید الفطر منائی گئی۔

تاہم صوبائی حکومت نے پیر کو سرکاری طور پر عید نا منانے کا اعلان کیا۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سمیت جن شہروں میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے وہاں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پشاور کی ایک بڑی مسجد قاسم علی خان میں اتوار کی شب مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر قیادت غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے ہونے والے اجلاس کے بعد شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا۔

جب کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع بنوں اور ملحقہ قبائلی علاقوں میں بھی علما کے مقامی غیر سرکاری اجلاسوں میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی اکثریت بنوں میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہے۔

ان قبائلی خاندانوں کے ساتھ عید منانے کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی پیر کو بنوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ''شمالی وزیرستان کے متاثرین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔''

وفاقی وزیر عبد القادر بلوچ جنہیں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی دیکھ بھال کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے، اُنھوں نے بھی بنوں کا دورہ کیا۔

اُنھوں نے قبائلی خاندانوں سے خطاب میں کہا کہ وہ جلد ہی اپنے گھروں کو واپس جا سکیں گے۔

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے ان خاندانوں کے ساتھ عید الفطر کی خوشیوں میں شامل ہونے کے لیے کئی اہم شخصیات نے بنوں کا دورہ کیا۔

XS
SM
MD
LG