بھارت میں عام انتخابات تک مشترکہ کرکٹ سیریز کا امکان نہیں: احسان مانی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی، کراچی میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ 14 نومبر 2018

چیئرمین پی سی بی نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل سمیت 8 میچ پاکستان میں ہوں گے جب کہ فائنل کراچی میں ہو گا۔

بھارت میں عام انتخابات تک اس کے ساتھ سیریز پر کوئی پیش رفت کی امید نہیں، بھارت سے دو طرفہ کرکٹ کی بھیک نہیں مانگیں گے۔ پی سی بی میں تبدیلیاں آنے میں کچھ وقت لگے گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران بدھ کو کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا فائنل کراچی میں ہو گا۔ کراچی کرکٹ کی نرسری ہے جو کرکٹرز کراچی سے آئے ان کا کوئی متبادل نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی میں تبدیلیاں آنے میں کچھ وقت لگے گا۔تسلی کر کے تبدیلیاں کروں گا۔ جلد بازی نہیں کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں عام انتخابات تک اس کے ساتھ سیریز پر کسی پیش رفت کی امید نہیں۔ پی سی بی دو طرفہ کرکٹ کھیلنے کے لئے بھارت سے بھیک نہیں مانگے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرفراز احمد عمدہ کپتانی کر رہے ہیں۔ ان کے بارے میں قیاس آرائیاں غلط ہیں۔ ان کے عہدے کی کوئی معیاد نہیں ہے۔ سرفراز پی سی بی کی چوائس ہیں۔ کپتان کی تقرری چیئرمین کا صوابدیدی اختیار ہے، کرکٹ کمیٹی سے رائے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل سمیت 8 میچ پاکستان میں ہوں گے۔ فائنل کراچی میں ہو گا جبکہ کوشش کریں گے کہ آئندہ تمام میچز پاکستان میں ہوں۔

احسان مانی نے بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ تفصیلی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیراتی کمپنی کے حکام سے بھی ملاقات کی۔