شی جن پنگ کے دورٔہ بھارت کا اعلان، کسی معاہدے کا امکان نہیں

بھارتی میڈیا کے مطابق چنئی میں دونوں سربراہان مملکت کے درمیان ملاقات کے دوران کسی نئے معاہدے یا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا کوئی امکان نہیں ہے۔ (فائل فوٹو)

چین کے صدر شی جن پنگ رواں ہفتے بھارت کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ جس کے دوران وہ میزبان ملک کے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

چین کی وزارت خارجہ نے بدھ کو صدر شی پنگ کے دورۂ بھارت کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق وہ 11 اکتوبر کو نئی دہلی پہنچیں گے جہاں وہ 12 اکتوبر کو بھی قیام کریں گے۔

اس دورے کا اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان اور پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی چین میں موجود ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازع پر حالیہ کشیدگی کے دوران عمران خان کے دورۂ چین کو خصوصی اہمیت دی جارہی تھی۔

چین کے صدر کے دورۂ بھارت سے متعلق چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کے دورے کے بعد 13 اکتوبر کو نیپال بھی جائیں گے۔

صدر شی جن پنگ کے دورۂ بھارت اور نیپال کے دوران تجارت، انفرااسٹرکچر اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرِ اعظم نریندر مودی اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہوگی۔ تاہم چنئی میں ہونے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کسی نئے معاہدے یا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا کوئی امکان نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی سمیت خطے اور عالمی مسائل پر بات چیت کا امکان ہے۔