چین اسلحہ فروخت کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک

چین

پچھلے چھ سال کے مقابلے میں 2008ء سے 2012ء تک چین کی اسلحے کی فروخت میں 162 فی صد کا اضافہ آیا، یعنی عالمی سطح پر چین کی ہتھیاروں کی تجارت دو فی صد کی سطح سے بڑھ کر پانچ فی صد ہوگئی ہے
سویڈن میں قائم ایک تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ سرد جنگ کے بعد چین ہتھیار برآمد کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے، جس کا سب سے بڑا خریدار پاکستان ہے۔

ادارے نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پچھلے چھ سال کے مقابلے میں 2008ء سے 2012ء تک چین کی اسلحے کی فروخت میں 162 فی صد کا اضافہ آیا، جس کا مطلب یہ ہوا کہ عالمی سطح پر چین کی ہتھیاروں کی تجارت دو فی صد کی سطح سے بڑھ کر پانچ فی صد ہوگئی ہے۔

خبررساں ادارے رائٹرز نے بتایا ہے کہ یہ بیان اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس رسرچ انسٹی ٹیوٹ (سپری) نے جاری کیا ہے۔

سپری کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اِس طرح ہتھیاروں کی تجارت کرنے والے ممالک میں چین نے 2008ء اور 2012ء کے دوران برطانیہ کی جگہ لے لی ہے، جس گروپ میں امریکہ اور برطانیہ پیش پیش رہے ہیں، جو کہ ہتھیاروں کی تجارت میں بالترتیب 30 فی صد اور 26فی صد کی سطح پر ہیں۔

بیان میں سپری کے ڈائریکٹر پال ہولٹم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چین کئی ایک ترقی پذیر ملکوں کو ہتھیار فروخت کرنے لگا ہے۔