بالی ووڈ سپر اسٹارز کی جلد آنے والی دھماکے دار فلمیں

بالی ووڈ سپر اسٹارز کی جلد آنے والی دھماکے دار فلمیں

سال 2011ء آدھے سے زیادہ گزر گیا ۔ اس دوران کئی فلمیں ہٹ ہوئیں اور کئی فلاپ۔ سال کے آخری مینوں کا جائزہ لیا جائے توان میں کئی دھماکے دار ، بڑے بجٹ اور بڑی کاسٹ کی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں۔ بیشتر فلمیں ایسی ہیں جن کا کافی عرصے سے بیتابی کے ساتھ انتظار کیا جارہا ہے۔ باکس آفس پر کون سی فلم دھمال ڈالے گی یہ بتانا تو ابھی ناممکن ہے مگر ان فلموں کی دھوم ابھی سے مارکیٹ کو گرما رہی ہے۔ مثلاً "ڈان ٹو"، "را۔ون"، "باڈی گارڈ" ،" آرکشن"، "میرے برادر کی دلہن" اور" موسم"۔

ان فلموں سے بڑے بڑے نام بھی جڑے ہیں مثلاً امیتابھ بچن ، شا ہ رخ خان ، سلمان خان، پرکاش جھا، یش راج ، کترینا کیف ، دپیکا پڈکون، سیف علی خان, سونم کپور اور شاہد کپور۔وغیرہ وغیرہ

"موسم"

پنکج کپور کے ڈائریکشن میں بنی فلم "موسم "کا پرومو دریلیز ہوچکا ہے جسے دیکھ کر عام تاثر یہی جاتاہے کہ فلم باکس آفس پر ہنگامہ کھڑا کرے گی۔یہ وہی فلم ہے جس میں فلم کے ہیرو شاہد کپور نے بالی ووڈ کے پہلے اداکار کی حیثیت سے فائٹر پلین ایف 16 اڑا یا ہے۔ابھی تک ہالی ووڈ فلموں میں بھی صرف ٹام کروز نے لڑاکا طیارہ ایف 15 اڑایا ہے ۔

"موسم " بنیادی طور پر یہ لو اسٹوری ہے ، آگے کہانی میں کیا ہوگا ، یہ آپ خود ہی اندازہ لگالیجئے۔ ہاں ہم آپ کویہ بتاتے چلتے ہیں کہ فلم کافی عرصے سے خبروں میں رہنے کی وجہ سے ریلیز سے پہلے ہی خاصی مشہور ہوگئی ہے۔

"میرے برادر کی دلہن"

یہ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ہے۔ یش راج کا نام آتے ہی ان کی بہت ساری کامیاب فلموں کے نام ذہن میں گردش کرنے لگتے ہیں ۔ امید کی جارہی ہے کہ" میرے برادی کی دلہن"بھی کامیابی کے نئے ریکارڈ بنائے گی۔ فلم میں اس وقت کا سب سے خوب صورت بالی ووڈ چہرہ کترینا کیف ، عمران خان اور پاکستانی گلوکارو اداکار علی ظفر شامل ہیں۔ فلم مکمل ہوچکی ہے اور بس ریلیز ہوا ہی چاہتی ہے۔

"آراکشن"

اس وقت جس فلم کا گلی گلی شور ہے وہ ڈائریکٹر پرکاش جھا کی "آراکشن" ہے۔ پچھلے سال سیاست کے موضوع پر کامیابی کے ریکارڈ بنانے والی فلم "راج نیتی "بھی انہی کا شاہکار تھی ۔" آراکشن "ریلیزسے پہلے ہی متنازع ہوگئی ہے اور اس کے بارے میں روزانہ جتنی خبریں آتی ہیں اسے دیکھتے ہوئے لگ رہا کہ متنازع ہونے کے باوجود فلم ریکارڈ بزنس کرے گی۔کیوں کہ ماضی میں بھی جو فلمیں متنازع قرار پائیں ان میں سے بیشتر کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔ فلم کی کاسٹ میں امیتابھ بچن جیسا بڑا نام جڑا ہے جبکہ ہیرو کے طور پر سیف علی خان اور ہیروئن ڈپیکا پڈکون ہیں ۔ تمام چہرے باکس آفس پر بھیڑ اکھٹی کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

"باڈی گارڈ"

سال کی کامیاب فلموں کا نام آئے اور سلمان خان پیچھے رہ جائیں یہ بھلا کیوں کر ممکن ہے؟" باڈی گارڈ" بڑے بجٹ کی بڑی فلم ہے۔ کرینہ کے ساتھ سلمان خان کی جوڑی "باڈی گارڈ "کو ہٹ بناسکتی ہے کیوں کہ دونوں کی فیس ویلیو لاکھوں کروڑوں میں ہے۔ فلمی پنڈتوں کو امید ہے کہ یہ فلم سال کی بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔

"را۔ون"

اس فلم کا نام یوں بھی کافی مہینوں سے "ان" ہے ۔ اس کی ایک وجہ سپر اسٹار شاہ رخ خان ہیں۔ پھر فلم میں استعمال ہونے والے اسپیشل ایفیکٹس اور ایکشنز نے فلم بینوں کو انتظار کی راہ میں بیٹھا دیا ہے۔ اس فلم کے بارے میں بھی پیشگوئی کی جارہی ہے کہ یہ سال کی بہتر ین فلموں میں سے ایک ہوسکتی ہے۔

"ڈان ٹو "

سال کی ایک اور ممکنہ حد تک کامیاب کہلائی جانے والی فلم " ڈان ٹو" ہے ۔ ابھی یہ فلم ریلیز بھی نہیں ہوئی کہ ڈائریکٹر نے اس کا تیسرا حصہ بنانے کا بھی اعلان کردیا ہے۔ فلم میں شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا ہیں۔ یہ سیکوئل ہے ۔اس سے قبل "ڈان ٹو" , ڈان "اور سن80کی دہائی میں امیتابھ بچن کی اداکاری سے سجی فلم" ڈان" نے شہرت کے جھنڈے گاڑے ہوئے ہیں، اس لئے "ڈان ٹو"کی کامیابی کے لئے بھی بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔