رسائی کے لنکس

بالی ووڈ فلموں کے ہرفن مولا' پولیس انسپکٹرز': حیرت انگیز خوبیوں کے مالک


بالی ووڈ فلموں کے ہرفن مولا' پولیس انسپکٹرز': حیرت انگیز خوبیوں کے مالک
بالی ووڈ فلموں کے ہرفن مولا' پولیس انسپکٹرز': حیرت انگیز خوبیوں کے مالک

بالی ووڈ فلموں میں پولیس انسپکٹر کا کردار ایساجادوئی اور کامیاب فارمولا ہے جس کے بغیر شاید ا ٓج کے دورمیں فلمیں بن ہی نہیں سکتیں۔ حالیہ فلموں کو ہی لے لیجئے ۔ ان میں انسپکٹر کو ان تمام خوبیوں کا مالک دکھایا جاتا ہے جو شاید اصل میں کسی کے پاس نہ ہوں۔ مثلاً فلم "وانٹیڈ" کے انسپکٹر کو دیکھئے۔ ایسی جستی، ایسی پھرتی، چالاکی، بہادری اور طاقت اگر اصل پولیس انسپکٹر کو مل جائے تو شائد جرم ہونے ہی بند ہوجائیں۔

چلئے اگر اسے کچھ دیر کے لئے سچ مان بھی لیا جائے تویہ بات ہضم نہیں ہوتی کہ نہتے انسپکٹر کے پاس ولن کو مارنے کے لئے اچانک گن کہاں سے آجاتی ہے۔ہم بات کررہے ہیں فلم "وانٹیڈ"کے آخری سین کی جس میں پہلے تو ہیرو کو نہتا دکھایا جاتا ہے یہاں تک کہ اس نے قمیص بھی نہیں پہنی ہوئی لیکن وہی ہیرو اچانک جانے کہاں سے بڑی سی پستول نکال کر ولن کو قتل کردیتاہے۔ ہے نہ کمال کی بات۔ اسی کمال فن پر سلمان خان "دبنگ "جیسی کامیاب فلمیں بھی کرچکے ہیں۔

اب آیئے" سنگھم "کے انسپکٹر سے ملیں ۔۔۔ ٹرین سے تیز دوڑنا ہو یا کار کو مات دینی ہو'انسپکٹر صاحب 'ہر جگہ سپرب نظر آتے ہیں۔ دھماکوں سے اڑتی ہوئی گاڑیوں سے بچنا انہیں خوب آتا ہے، چھلانگے لگانے میں یہ چیتے کو بھی مات کردیں ۔۔اور تو اور۔۔۔نشانے بازی میں بھی اس کا کوئی ثانی نہیں ۔۔ان سب خصوصیات کی بنا پر ہی اجے دیوگن "سنڈے"، "انسان"، "مستی "اور" گنگا جل" جیسی یادگار فلموں میں پولیس افسر کا کردار اداکرچکے ہیں ۔

انہی کے ہم عصر فنکار اکشے کماربھی بھلا ان سے کب دور رہنے والے تھے ۔ سو انہوں نے بھی سخت مزاج اور بات بات پر غصہ کرنے والے انسپکٹر کا رول کئی فلموں میں ادا کیا ۔ مثلاً " انسان"، "آن مین ایٹ ورک"،" خاکی"اور "میں کھلاڑی تو اناڑی"

ادھر بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے حیرت انگیز طور پر صرف ایک فلم میں پولیس انسپکٹر کا رول نبھایا ہے اور وہ فلم ہے ’ون ٹو کا فور۔‘

اب کچھ ذکرابھیشیک کا ہوجائے، یہ موصوف بھی اب تک کئی فلموں میں چالاک پولیس انسپکٹر کا رول کرچکے ہیں مثلاً" دم مارو دم" ، "دھوم"، "دھوم "2، "شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا"، "دس "اور" زمین "۔

ان سے ہٹ کر بات کریں تو خود بگ بی نے متعدد فلموں میں انسپکٹر کا رول ادا کیا ہے مگر ان کے زمانے کا انسپکٹر حقیقت سے قریب ہوا کرتا تھالیکن اتنا بھی نہیں ۔ مثلاً ان کے دور کا انسپکٹر صرف کڑک مزاج ہی نہیں بلکہ تھوڑا بہت ہنسنا اور ہنسانا بھی جانتا تھا۔ یاد کیجئے فلم :دیش پریمی"کا گانا "جا جلدی بھاگ جا ۔۔۔۔نہیں بابا نہیں"اس گانے میں الٹاچور کوتوال کو ڈانٹ رہا ہے۔ ۔۔اور کوتوال ہے کہ چور کو بھاگنے کے لئے ہرجتن کررہا ہے مگر چور ہے کہ بھاگنے کا نام نہیں لے رہا۔

XS
SM
MD
LG