بائیڈن: اسرائیل لبنان سرحد پر لوگوں کی گھروں کو واپسی کے لیے کام جاری ہے

صدر بائیڈن 20 ستمبر 2024 کو کابینہ کے ایک اجلاس کے دوران، ان کے ساتھ وزیر داخلہ ڈیب ہالینڈ، وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن موجود ہیں، فوٹو اے پی۔

  • صدر بائیڈن نے کابینہ کے ایک اجلاس میں کہا کہ وہ اسرائیل لبنان سرحد پر لوگوں کیگھروں کو واپسی ممکن بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
  • حزب اللہ ملیشیا کو ہدف بنانے والے دھماکوں کی لہر سے کشیدگی میں اضافے کے بعدیہ ان کا پہلا بیان ہے ۔
  • انہوں نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلیے انٹیلیجنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ۔
  • بائیڈن نے تردید کی کہ غزہ میں جنگ بندی غیر حقیقی ہے۔
  • انہوں نے کہا کہ بہت سی چیزیں اس وقت تک حقیقت پسندانہ نہیں لگتیں جب تک کہ ہم انہیں مکمل نہیں کر لیتے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو کہا ہے کہ وہ اسرائیل-لبنان سرحد پر لوگوں کی گھروں کو واپسی ممکن بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ حزب اللہ ملیشیا کو نشانہ بنانے والے دھماکوں سے کشیدگی میں اضافے کے بعد سے یہ ان کا پہلا بیان ہے ۔

بائیڈن نے مزید کہا کہ علاقائی امن کو فروغ دینے کے لیے غزہ میں جنگ بندی پر زور دینا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات میڈیا کی اس رپورٹ کے باوجود کہی کہ ان کی انتظامیہ نے جنوری میں بائیڈن کے منصب چھوڑنے سے قبل جنگ بندی کی امید ختم کر دی تھی۔

وائٹ ہاؤس میں کابینہ کے ایک اجلاس کے آغاز پر بات کرتے ہوئے، بائیڈن نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ "اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ شمالی اسرائیل کے ساتھ ساتھ جنوبی لبنان کے لوگ بھی محفوظ طریقے سے اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔"

صدر بائیڈن وائٹ ہاؤس میں ایک خطاب کے دوران ، فائل فوٹو

انہوں نے کہا "وزیر خارجہ اور وزیر دفاع (سمیت) ہماری پوری ٹیم اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش میں انٹیلیجنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ۔ ۔ ہم اسے اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ ہم اسے مکمل نہیں کر لیتے، لیکن اس کے لیے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔"

جب سے تشدد کا سلسلہ غزہ سے ڈرامائی طور پر لبنان منتقل ہوا ہے یہ بائیڈن کا پہلا ردعمل تھا ۔ اس ہفتے کے شروع میں حزب اللہ کے ہزاروں کارکنوں کے پیجرز اور واکی ٹاکیز دھماکوں سےپھٹ گئے تھے۔

ان دھماکوں میں جن کا الزام حزب اللہ نے اسرائیل پر لگایاتھا، بچوں سمیت 37 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے ان دھماکوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

SEE ALSO: مزاحمتی اتحاد اسرائیل کو لبنان میں پیجر دھماکوں کا منہ توڑ جواب دے گا: ایران

کئی مہینوں سے لگ بھگ روزانہ ہونے والی سرحدی جھڑپوں میں لبنان میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں بہت سےجنگجو تھے، جب کہ اسرائیل میں بھی درجنوں ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال نے دونوں جانب کے ہزاروں افراد کو اپنے گھر بار چھوڑکر علاقے سے نکلنے پر مجبور کر دیا ہے۔

بائیڈن نے اسکی بھی تردید کی کہ جنگ بندی غیر حقیقی ہے۔ وال سٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ حکام کے خیال میں غزہ ۔ اسرائیل جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کا اب امکان نہیں ہے ۔

SEE ALSO: کشیدگی میں اضافےکے باوجود اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سفارتی حل ہو سکتا ہے، وائٹ ہاؤس

بائیڈن نے کہا، "اگر میں کبھی یہ کہتا کہ یہ حقیقت پسندانہ نہیں ہے، تو ہم بھی اسے چھوڑ سکتے تھے ۔ بہت سی چیزیں اس وقت تک حقیقت پسندانہ نہیں لگتیں جب تک کہ ہم انہیں مکمل نہیں کر لیتے۔ ہمیں اس پر قائم رہنا ہوگا۔"

اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی سے لیا گیاہے۔