تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست، سیریز پاکستان کے نام

کپتان بابر اعظم 115 گیندوں پر 105 رنز اور امام الحق 100 گیندوں پر 89 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو، ایک سے جیت لی ہے۔

ہفتے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 211 کا ہدف 12 اوورز قبل ہی حاصل کر لیا۔

کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شان دار سینچری اسکور کی، جب کہ امام الحق 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بابر اعظم مین آف دی میچ کے ساتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔

بابر اعظم ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے پاکستانی بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ سعید انور 20 سینچریاں بنا کر سرِفہرست ہیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم کینگروز کا آغاز اچھا نہ رہا اور 67 کے اسکور پر اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن میں دراڑ ڈالی اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے آٹھ اوورز میں 40 رنز دے کر دو جب کہ حارث رؤف نے 8.5 اوورز میں 39 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

زاہد محمود اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جس کی بدولت آسٹریلیا کی پوری ٹیم 41.5 اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے الیکس کیری نے 56، شان ایبٹ نے 49 اور کیمرون گرین نے 34 رنز بنائے۔

تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے 24 برس بعد ہونے والے اس دورے کا اختتام ہو جائے گا۔