آسٹریلوی حکام نے کہا ہے کہ ایسے افغان شہری جن کی پناہ کی درخواست مسترد ہو جاتی ہے اُن کی وطن واپسی کا عمل آسان بنانے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے میں پناہ گرینوں سے متعلق اقوام متحدہ کا ادارہ یو این ایچ سی آر بھی شریک ہے اور اس کے تحت آسٹریلیا سے واپس بھیجے جانے والے افغان شہریوں کوکوئی ہنرسکھانے اور دارالحکومت کابل کے قریب ایک رہائشی منصوبے کے قیام کے لیے افغان حکومت کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ آسٹریلیا افغانستان میں پاسپورٹ نظام کو بہتر بنانے میں بھی مدد دے گا۔
آسٹریلیا کے ترکِ وطن سے متعلق وزیر کرِس بوون کے مطابق حقدار پناہ گزینوں کو ملک میں رہنے کی اجازت ہو گی۔ تاہم انھوں نے واضح کیا کہ نا اہل افغانوں کو وطن واپس بھیجنا ہو گا تا کہ انسانی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
2008ء سے اب تک چار ہزار افغان شہری آسٹریلیا میں پناہ کی درخواستیں دے چکے ہیں۔