سیکورٹی فورسز نے فرنٹیر کور بلوچستان پر دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا اور پانچوں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ 5 خودکش بمباروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کے ہمراہ ’مددگار سینٹر‘ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم، متحرک ایف سی جوانوں نے دہشت گردوں پر فائرنگ کرکے انہیں سینٹر میں داخل ہونے سے روک دیا، جبکہ جوابی کارروائی میں پانچوں حملہ آور مارے گئے۔
’آئی ایس پی آر‘ کے بیان کے مطابق، ’’حملہ کرنے والے تمام خودکش بمبار بظاہر افغانی تھے، جبکہ دہشت گردوں کا ناکام حملہ ان کے اہم دہشت گردوں کے گزشتہ روز ’کلی الماس‘ میں کیے گئے آپریشن کے دوران مارے جانے کا ردعمل تھا‘‘۔
بیان کے مطابق، دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔ تاہم، اب صورتحال قابو میں ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کوئٹہ کے نواحی علاقے ’کلی الماس‘ میں سیکورٹی اداروں نے آپریشن کرکے کالعدم تنظیم ’لشکر جھنگوی‘ کے صوبائی سربراہ سلمان بادینی دو خودکش حملہ آوروں سمیت ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی ادارے کا ایک افسر ہلاک اور پانچ دیگر اہلکاران شدید زخمی ہوگئے تھے۔
فرنٹیر کور بلوچستان کے اہلکاروں پر اس سے پہلے کئی بار حملے کئے جاچکے ہیں جس میں فورس کے کئی جوان جان کی بازی ہار چکے ہیں۔