الیکٹرانکس کی ایک اہم امریکی کمپنی 'ایپل' نے اپنے سپلائرز سے کہا ہے کہ وہ اس برس کے آخر تک ساڑھے سات کروڑ فائیو جی آئی فونز کے ساتھ ساتھ آئی پیڈز اور ایپل واچز فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کریں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے 'بلوم برگ' کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کمپنی کو توقع ہے کہ 2020 میں ہی نئی جنریشن کے آئی فونز کی فراہمی 8 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
'ایپل' آئندہ سال آئی فون کے چار نئے ماڈل لانچ کرنے جا رہا ہے جن میں تیز رفتار فائیو جی وائرلیس کی سہولت موجود ہو گی۔ ان ماڈلز کے ڈیزائن بھی جدید ہوں گے اور یہ مختلف سائز کی اسکرینوں میں دستیاب ہوں گے۔
'بلوم برگ' کی رپورٹ کے مطابق ایپل ایک نیا آئی پیڈ ائر تیار کر رہا ہے جس میں آئی پیڈ پرو کی طرح کی جدید اسکرین ہو گی۔
Your browser doesn’t support HTML5
ایپل اس مرتبہ 'بیٹس' برینڈ کے علاوہ بھی ایئر فون بنا رہا ہے اور ایپل واچ کے دو نئے ڈیزائنز پر بھی کام جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی ایک نئے 'ایپل ٹی وی باکس' پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں تیز رفتار پراسیسر نصب ہو گا اور یہ ٹی وی باکس گیمنگ اور بہتر ریموٹ کنٹرول کے ساتھ دستیاب ہو گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ایپل اسے رواں سال صارفین کے لیے پیش کر دے گا۔