انجلینا جولی اور بریڈ پٹ میں علیحدگی، آٹھ برس بعد معاملات طے پا گئے

  • انجلینا جولی کے وکیل نے دونوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تصدیق کی ہے۔
  • وکیل کا کہنا تھا کہ یہ ایک طویل عمل تھا جو آٹھ سال پہلے شروع ہوا تھا۔
  • وکیل کے بقول انجلینا تھک چکی ہیں۔ لیکن انہیں سکون ہے کہ یہ معاملہ ختم ہو گیا ہے۔
  • ہالی وڈ اسٹارز انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے 2014 میں شادی کی تھی۔ ان کے چھ بچے ہیں۔
  • سال 2019 میں عدالت نے دونوں کی شادی ختم کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔
  • اس وقت طلاق کے کیس، بچوں کی کسٹڈی اور مالی تنازعات حل نہیں ہوئے تھے۔

ویب ڈیسک — ہالی وڈ اسٹار انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے درمیان علیحدگی کے آٹھ برس بعد معاملات طے پا گئے ہیں۔

خبر رساں اداراے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق پیر کو انجلینا جولی کے وکیل کا کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی کے معاملات طے پا گئے ہیں۔

انجلینا جولی کے وکیل جیمز سمون نے دونوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تصدیق کی ہے۔

جیمز سمون نے اپنے بیان میں کہا کہ "لگ بھگ آٹھ برس قبل انجلینا جولی نے بریڈ پٹ سے علیحدگی کے لیے کیس دائر کیا تھا۔"

انہوں نے کہا کہ "انجلینا جولی اور ان کے بچوں نے وہ تمام جائیدادیں چھوڑ دیں جو وہ بریڈ پٹ کے ساتھ مشترکہ تھیں۔"

اداکارہ کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ "یہ ایک طویل عمل تھا جو آٹھ سال پہلے شروع ہوا تھا۔ انجلینا تھک چکی ہیں۔ لیکن انہیں سکون ہے کہ یہ معاملہ ختم ہو گیا ہے۔"

دوسری جانب 'اے پی' نے بریڈ پٹ کے وکیل کا مؤقف جاننے کے لیے انہیں ای میل کی جس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا شمار ہالی وڈ کے مشہور جوڑوں میں ہوتا تھا۔ دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی اور ان کے چھ بچے ہیں۔

SEE ALSO: بریڈ پِٹ نے مجھ سمیت بچوں پر تشدد کیا، انجلینا جولی کا الزام

اداکارہ نے 2016 میں علیحدگی کا کیس دائر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بریڈ پٹ نے انہیں یورپ کی ایک فلائٹ کے دوران سر سے پکڑ کر جھنجھوڑا تھا اور جب ان کے بچوں نے ان کا دفاع کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے ایک بچے کا گلا دبایا جب کہ دوسرے کے ساتھ مارپیٹ کی۔

سال 2019 میں ایک جج نے دونوں کی شادی ختم کرنے کا فیصلہ دیا تھا جب کہ بچوں کی کسٹڈی اور مالی تنازعات حل نہیں ہوئے تھے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔