’امریکن میوزک ایوارڈز‘ کی رنگارنگ شام ’ون ڈائریکشن‘ کے نام

’ون ڈائریکشن‘ نے سال کے بہترین آرٹسٹ کا اعزاز مسلسل دوسرے سال حاصل کیا ہے۔ ’ون ڈائریکشن‘ بینڈ کے ممبر، لوئی ٹام لن سن نے بینڈ کو دوسری بار سال کا بہترین آرٹسٹ کا ایوارڈ ملنے کو بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا

’امریکی میوزک ایوارڈز‘ کا میلہ سال کے’ بہترین آرٹسٹ‘ کا ایوارڈ اپنے نام کرکے برطانوی بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ نے لوٹ لیا۔

لاس اینجلس کے جگمگاتے شہر میں رنگوں اور خوشبوں سے سجی امریکن میوزک ایوارڈز کی شام جس میں میوزک، فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے چھوٹے بڑے ستاروں کی شرکت نے رونقیں دوبالا کردیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی، رائٹرز کے مطابق ون ڈائریکشن نے اپنے البم ’میڈ ان دا اے ایم‘ پر نہ صرف بہترین آرٹسٹ کا ایوارڈ حاصل کیا، بلکہ انہیں سال کے بہترین پوپ راک البم کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

’ون ڈائریکشن‘ نے سال کے بہترین آرٹسٹ کا اعزاز مسلسل دوسرے سال حاصل کیا ہے۔ ’ون ڈائریکشن‘ بینڈ کے ممبر لوئی ٹام لن سن نے بینڈ کو دوسری بار سال کا بہترین آرٹسٹ کا ایوارڈ ملنے کو بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا۔

’ون ڈائریکشن‘ نے رواں سال اگست میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی سرگرمیاں کچھ عرصے کے لئے معطل کر رہے ہیں اور2016ء میں پرفارمنسز اور ریکاڈنگز کا سلسلہ دوبارہ شروع کریں گے۔

امریکن میوزک ایوارڈ میں ٹیلرسوئفٹ کوچھ نامزدگیاں ملیں لیکن ایوارڈ انہوں نے تین حاصل کئے۔ ٹیلر سوئفٹ نے ایورڈز کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔

ریپ ہپ ہاپ کیٹگری میں نکی مناج نے دو ایوارڈز جیتے۔

دی ویک اینڈ نے سول آ ربی میں دو ایوارڈز حاصل کئے۔

آریانا گرینڈ کو فیورٹ راک پاپ خاتون سنگر کے ایوارڈ سے نواز گیا جبکہ فال آوٴٹ بوائے بہترین متبادل آرٹسٹ قرار پائے۔

اخبار لاس اینجلس ٹائمز نے تقریب کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ شاندار موسیقی اور متاثرکن پرفارمنسز سے سجی امریکن میوزک ایوارڈز کی شام اس وقت اداس ہوگئی جب گلوکارہ سیلون ڈی یون اور دیگر گلوکاروں نے اپنے گانوں کے ذریعے پیرس حملوں میں ہلاک ہونے والوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔

ایوارڈز کی تقریب میں سیلینا گومز،جسٹن بیبر اور دوسرے گلوکاروں نے اپنے مقبول گانے پیش کرکے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔