پاپ موسیقی کی دنیا کا مشہور میوزیکل گروپ 'ون ڈائریکشن' اب تقسیم ہو چکا ہے ،انگلش،پاکستانی اور آئرش نوجوان گلوکاروں کے پاپ بینڈ سے پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک نے علحیدگی اختیار کر لی ہے ان کے اس فیصلے نے جہاں دنیا بھر میں ان کے لاکھوں شائقین کو حیران کردیا ہے وہیں ٹوئٹر پر ایسی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ زین ملک کے بینڈ چھوڑ جانے پر ان کے سینکڑوں مداحوں نے خود کشی کرنے کی کوشش کی ہے۔
ون ڈائریکش سے باضابطہ علحیدگی اختیار کرنے کے اعلان کے بعد زین ملک نے ون ڈائریکشن کے فیس بک پیج پر مداحوں کے لیے پیغام چھوڑا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ون ڈائریکشن کے ساتھ میری وابستگی ہر چیز سے بڑھ کر رہی ہے لیکن پانچ سال گزر جانے کے بعد اب میں محسوس کرتا ہے کہ یہ میرے لیے بینڈ چھوڑنے کا صحیح وقت ہے۔
روزنامہ سن کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں انھوں نے اپنے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا فیصلہ درست ہے تاہم انھوں نے اپنے چاہنے والوں کا دل توڑنے پر معذرت طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز زین ملک نے ون ڈائریکشن سے علحیدگی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ایک عام 22 سالہ نوجوان بننا چاہتے ہیں جس کے پاس اپنے لیے آرام کا کچھ وقت ہوتا ہے اور دنیا کی نظروں سے دور جو اپنا ذاتی وقت گزارنے کے قابل ہوتا ہے۔
زین ملک نے اپنے فیصلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ "بینڈ سے علحیدگی کے فیصلےکے بعد اپنی زندگی پر زیادہ اختیار محسوس کر رہا ہوں لیکن اپنے مداحوں کو مایوس کرنے پر افسوس ہے۔"
انھوں نے کہا کہ ’’کچھ عرصے سے میں جو کچھ کرنے کی کوشش کر رہا تھا اس میں میری خوشی نہیں تھی بلکہ دوسروں کی خوشی کے لیے کر رہا تھا اور یہ کوشش بنیادی طور پر صرف اپنے شائقین کے لیے تھی کیونکہ میں اپنے چاہنے والوں کا دل توڑنا نہیں چاہتا تھا۔"
زین ملک نے اپنے بینڈ کے لڑکوں کے ساتھ کسی طرح کے تنازع کی خبروں کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی منگیتر پیری ایڈورڈز اس فیصلے میں ان کے ساتھ ہیں۔
زین نے کہا کہ وہ سولو گانوں کی ریکارڈنگ پرکام کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کے سابقہ ساتھی چار کے گروپ کے ساتھ طویل عرصے تک ایک ساتھ کام کریں گے وہ ابھی اس سفر کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
بریڈ فورڈ کے رہائشی زین ملک کے اچانک بینڈ چھوڑنے کے فیصلے نے ون ڈائریکشن کے ساتھی گلوکاروں کو بھی رنجیدہ کر دیا ہے۔ ہیری اسٹائل جمعرات کو منیلا میں زین ملک کے بغیر شو کرتے ہوئے بے اختیار رو پڑے جبکہ لیام پانیے نے ٹوئٹر پر لکھا کہ زین ملک کا بینڈ چھوڑ جانا گروپ کے لیے کڑا وقت ثابت ہوا ہے تاہم انھوں نے مداحوں سے حوصلے اور تعاون کی درخواست کی ہے اور وعدہ کیا ہے کہ گروپ کی جانب سے مزید اچھا کام پیش کیا جائے گا اور اسی سال چار ساتھیوں کے ساتھ پانچواں البم کی ریکارڈنگ مکمل کی جائے گی۔
یاد رہے کہ صرف پانچ سال پرانی بات ہے جب پانچ لڑکوں نائل ہوران، لیام پانیے، ہیری اسٹئل،لوئس ٹوملنسن اور زین ملک پر مشتمل بینڈ ون ڈائریکشن نے 2010 میں آئی ٹی وی کے ٹیلنٹ شو ایکس فیکٹر کی ساتویں سیریز میں حصہ لیا تھا اور تیسرے نمبر پر رہا تھا۔ لیکن اس کے بعد ان کا پہلا البم اپ آل نائٹ ریلیز ہوا اس البم کی کاپیوں کی فروخت نے ریکارڈ قائم کیا پھر ٹیک می ہوم، مڈ نائٹ میموریز اور البم فور ریلز ہوا اور اس کے ساتھ پاپ بینڈ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا اور آج یہ نوجوان گلوکار سپراسٹاروں کی صف میں شامل ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی خبروں میں زین ملک کے ون ڈائریکشن چھوڑنے کے فیصلے پر طرح طرح کی قیاس آرائیوں نے جنم لیا ہے۔
زین ملک کے علحیدگی کے فیصلے سے پاپ بینڈ ون ڈائریکشن کے مستقبل اور خود زین کی ذاتی ساکھ پر کیا اثر پڑے گا اس بات کا فیصلہ آنے والا وقت کرے گا لیکن زین ملک نے بینڈ کیوں چھوڑ دیا ؟ زین ملک کی نامعلوم لڑکی کے ساتھ رومانوی تصویر کا قصہ ؟ زین ملک اور ان کی منگیتر پیری ایڈورڈز کے تعلقات میں سرد مہری اور پھر اچانک جمعہ کو ایشیا کے میوزیکل ٹور سے زین ملک کا واپس برطانیہ لوٹ آنا، دیکھا جائے تو ان تمام واقعات کی کڑیاں ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی معلوم ہوتی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ پچھلے چند دنوں میں ہونے والے پے در پے واقعات سے زین شدید ذہنی دبا ؤ کا شکار رہے ہیں۔
پچھلے ہفتے سوشل میڈیا پر زین ملک کی ایک انجان لڑکی لورین رچرڈسن کے ساتھ بنکاک کے ساحل پر لی جانے والی رومانوی تصویر شائع ہوئی جس کے بعد زین ملک کے نئے رومانوی قصے کے چرچے عام ہونے لگے۔ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے زین کو منگیتر کے ساتھ بے وفائی کرنے پر برا بھلا بھی کہا گیا۔
قیاس کیا جارہا ہے کہ اسی ذہنی دباؤ کی کیفیت میں زین میوزیکل ٹور کو ادھورا چھوڑ کر جمعہ کو تھائی لینڈ سے واپس برطانیہ لوٹ آئے تھے جبکہ زین کے اس طرح شو چھوڑ جانے پر ون ڈائریکشن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ زین شدید ذہنی دباؤ میں ہیں اور امید ہے کہ وہ واپس آکر منیلا اور جکارتہ کے شو کی پرفارمنس میں حصہ لیں گے۔
زین ملک کے گھر لوٹنے، پیری کے ساتھ پانچ گھنٹے طویل ملاقات اور پھر سوشل میڈیا پر زین کے بیان نے نوجوان جوڑے کے رشتے کی مضبوطی کا اعلان کر دیا زین ملک نے ٹوئٹر پر لکھا کہ "میں اپنی منگیتر جس کا نام پیری ایڈورڈز ہے اس سے محبت کرتا ہوں اور دنیا میں جلنے والے لوگ بہت ہیں میں اس تصویر پر معذرت خواہ ہوں۔"
ون ڈائریکشن سے علحیدہ ہو جانے کے بعد جب زین پہلی بار جمعرات کو منظر عام پر آئے تو میڈیا میں انھیں خصوصی کوریج دی گئی۔ اس موقع پر شائع ہونے والی تصاویر میں زین کافی بجھے بجھے نظر آرہے ہیں لیکن پیری کے چہرے پر واضح طور پر خوشی کے آثار ہیں جس سے یہ حقیقت کھل کر واضح ہو گئی ہے کہ پیری اور زین کی علحیدگی کی افواہوں میں صداقت نہیں تھی وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں بلکہ اس فیصلےکے بعد پیری زین ملک کےساتھ زیادہ خوش وخرم نظر آرہی ہیں۔
دوسری جانب زین ملک کےمداحوں کو ون ڈائریکشن کےفیصلوں پر پیری ایڈورڈز کا اس طرح اثر انداز ہونا بلکہ پسند نہیں آیا ہے بلکہ انھیں تو پیری کی یہ خوشی ایک آنکھ نہیں بھا رہی ہیں اس بات کا اندازا مداحوں کی ان ٹوئٹس سے لگایا جاسکتا ہے جس میں زین ملک کے اس فیصلے کے لیے پیری کو قصور وار ٹھہرا دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر پیری ایڈورڈز سے سوال کیا جارہا ہے کہ کیا انھوں نے زین کو کیرئیر اور خود میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے پر مجبور کیا ہے اور اگر ایسا ہے تو اب پیری کو بھی زین کی نارمل زندگی کی خاطر اپنے میوزیکل گروپ لٹل میکس کو چھوڑ دینا چاہیئے۔
تاہم پیری کے ترجمان کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے پیری اور لٹل میکس کا تیسرا البم اسی سال ریلیز کیا جائے گا۔
2014 کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ون ڈائریکشن دنیا کا سب سے امیر ترین میوزیکل گروپ بن گیا ہے جس کی مجموعی دولت کا اندازہ سات کروڑ پونڈ سے زیادہ لگایا گیا۔
سنڈے ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق میوزیکل بینڈ نے 2014میں لگ بھگ 60 لاکھ پونڈ کمائے اور آئی ڈی میڈیا لمیٹڈ کے پانچ حصوں میں سے ہر ایک رکن کی ذاتی دولت کا اندازہ 14 ملین پونڈ لگایا گیا ہے۔