ایندھن کا بحران، ایئر انڈیا کی کئی پروازیں منسوخ

ایندھن کا بحران، ایئر انڈیا کی کئی پروازیں منسوخ

بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی 'ایئر انڈیا' نے ایندھن کے بحران کے باعث اپنی کئی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

'ایئر انڈیا'کو ایندھن فراہم کرنے والی کمپنیوں نے واجبات کی ادائیگی تک سرکاری فضائی کیریئر کو مزید تیل فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث ایئرلائن کا فضائی آپریشن متاثر ہورہا ہے۔

جمعہ کے روز ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث 'ایئر انڈیا' کو جنوبی ریاست کیرالا سے روانہ ہونے والی اپنی چار ملکی اور غیرملکی پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔

آئل کمپنیوں نے کہا ہے کہ 'ایئر انڈیا' کی جانب سے واجبات کی ادائیگی تک اسے مزید تیل فراہم نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سرکاری ایئر لائن کو بھارت میں نجی فضائی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے آپریشنز کے باعث سخت مسابقت کا سامنا ہے۔ مارچ کے مہینے میں 'ایئر انڈیا'کا مارکیٹ شیئر صرف 15 فی صد ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رواں ماہ کے آغاز میں پائلٹوں کی ہڑتال کے باعث 'ایئر انڈیا' کو اپنی سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں جس کے باعث پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار سرکاری فضائی کمپنی کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔

'ایئر انڈیا' گزشتہ کئی برسوں سے خسارے سے دوچار ہے اور گزشتہ برس اس کا مالی خسارہ ڈیڑھ ارب ڈالرز سے تجاوز کرگیا تھا۔

ماہرین کمپنی کے مسائل کا ذمہ دار اس کے امور کی نگرانی کرنے والے بیوروکریٹ اور سیاستدانوں کی غلط پالیسیوں کو قرار دیتے ہیں۔