قتل کی دھمکیاں، سلمان خان کو اسلحہ رکھنے کی اجازت مل گئی

فائل فوٹو

بالی وڈ اداکار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد حال ہی میں اپنے تحفظ کے لیے اسلحے کا لائسنس جاری کیا گیا ہے۔

پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے چند روز بعد ہی بھارت کے گینگسٹر لارنس بشنوئی نے جون میں اداکار سلمان خان اور ان کے والد کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان خان نے قتل کی دھمکیوں کے بعد اپنے تحفظ کے لیے اسلحہ رکھنے کے لیے لائسنس کے اجرا کی درخواست دی تھی۔

سلمان خان کی گزشتہ ماہ ممبئی پولیس کمشنر سے ملاقات کے بعد اسلحے کا لائسنس جاری کرنے والی اتھارٹی نے ضروری جانچ شروع کر دی تھی۔

SEE ALSO: 'موسے والا جیسا کردوں گا'؛ سلمان خان اور ان کے والد کو قتل کی دھمکی

بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق اطلاعات تھیں کہ سلمان خان نے قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد بلٹ پروف گاڑی بھی لے لی ہے۔

واضح رہے کہ جون میں سلمان خان کے والد سلیم خان کو ممبئی کے علاقے باندرا کے واکنگ ٹریک 'باندرا بینڈ اسٹینڈ پرومینیڈ' پر صبح ساڑھے سات سے آٹھ بجے کے درمیان 'دھمکی آمیز خط' ملا تھا، جس پر ان کے ساتھ سلمان خان کا نام بھی تحریر تھا۔

دھمکی آمیز خط پر لکھا تھا کہ "موسے والا جیسا کردوں گا۔"

خیال رہے کہ 2018 میں سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں پولیس نے بنگلور سے سمپت نہرا نامی شخص کو گرفتار کیا تھا۔

ملزم کا دعویٰ تھا کہ کالے ہرن کے شکار کے ردِعمل میں اسے بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو قتل کرنے کا ہدف دیا گیا تھا اور اسے یہ کام کرنے کے لیے لارنس بشنوئی نے کہا تھا۔

SEE ALSO: بشنوئی گینگ کی سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی

بعدازاں 2020 میں پولیس نے بشنوئی گینگ کے کارندے راہل عرف سانگا عرف بابا عرف سنی کو اترا کھنڈ سے ایک اور قتل کیس میں گرفتار کیا تھا۔

مقامی پولیس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ راہل سے تفتیش میں یہ سامنے آیا تھا کہ وہ سلمان خان کو قتل کرنے کے ارادے سے ممبئی گئے تھےاور دو دن تک باندرا میں بالی وڈ اسٹار کی رہائش گاہ کے قریب قیام بھی کیا تھا ، تاہم وہ کارروائی کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔