رسائی کے لنکس

ڈک ورتھ لوئس میتھڈ: زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان کو شکست


  • پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
  • زمبابوے کی ٹیم 41ویں اوور میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
  • پاکستان کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی آدھی ٹیم 50 رنز سے قبل آؤٹ ہو چکی تھی۔
  • جب پاکستان کے مجموعی اسکور چھ وکٹوں پر 60 رنز تھا تو بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔
  • بارش نہ رکنے کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت زمبابوے کو کامیاب قرار دیا گیا۔
  • تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ویب ڈیسک — زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ زمبابوے کو میچ میں 80 رنز سے فتح ملی ہے۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے بلاوائیو کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان بالرز میزبان ٹیم کے پانچ کھلاڑی صرف 99 رنز پر پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے جب کہ 41ویں اوور میں 205 کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کی تمام وکٹیں گر گئیں۔

زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ 48 رنز رچرڈ نگاروا نے بنائے جب کہ سکندر رضا 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستانی بالرز میں سلمان علی آغا اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فیصل اکرم نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ یوں پاکستان کو کامیابی کے لیے 206 رنز کا ہدف ملا تھا۔

ہدف کے تعاقب کے لیے پاکستان نے جب بلے بازی کا آغاز کیا تو اس کی وکٹیں تیزی سے گرنا شروع ہوئیں۔ 50 کے مجموعی اسکور سے قبل پاکستان کی آدھی ٹیم آؤٹ پولین واپس جاچکی تھی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ تیسرے اوور میں 11 رنز پر اس وقت گری جب عبد اللہ شفیق ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پانچویں اوور میں صائم ایوب 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 13ویں اوور میں پاکستان کی تیسری وکٹ گری جب کامران غلام 17 رنز بنا کر ولیمز کا شکار ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 40 پر تھا۔

پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سلمان علی آغا تھے جو 4 رنز بنا سکے وہ 49 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ حسیب اللہ خان کی تھی جو مجموعی اسکور میں اضافہ نہ کرسکے اور صرف بنا کر سکندر رضا کی بال پر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کے عرفان خان 59 کے مجموعی اسکور پر ولیمز کا شکار بنے اور انہوں نےٹیم اسکور میں صرف سات رنز کا اضافہ کیا۔

اس کے بعد کپتان محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لیے عامر جمال آئے۔ اسی دوران بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔

بارش شروع ہوتے وقت پاکستان نے 21 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز بنائے تھے۔ جب کہ کپتان محمد رضوان 19 رنز اور عامر جمال صفر پر کریز پر موجود تھے۔

بارش نہ رکنے کے باعث بعد ازاں زمبابوے کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت اس میچ کا فاتح قرار دیا گیا۔ میزبان ٹیم نے یہ میچ 80 رنز سے اپنے نام کیا ہے۔

اس کامیابی کے بعد زمبابوے کو مہمان ٹیم پر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اس ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG