رسائی کے لنکس

بگ بیش لیگ: یاسر شاہ کا برسبین ہیٹ کے ساتھ معاہدہ


یاسر شاہ (فائل فوٹو)
یاسر شاہ (فائل فوٹو)

یاسر شاہ صرف اسی صورت ٹیم کا حصہ ہوں گے جب پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان اور نیوزی لینڈ کے بیٹسمین برینڈن مک کیلم میں سے کوئی ایک دستیاب نہیں ہوگا۔

پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے رواں سال بگ بیش لیگ کے لیے بطور متبادل کھلاڑی برسبین ہیٹ کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ وہ پہلی بار بگ بیش لیگ کھیلیں گے۔

اس سال شاداب خان کے بعد یاسر شاہ دوسرے پاکستانی لیگ اسپنر ہیں جنہیں برسبین ہیٹ نے ٹیم میں شامل کیا ہے۔

یاسر شاہ ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستان کی ون ڈے ٹیم سے باہر ہیں، انہوں نے اگست 2016ء میں آخری مرتبہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔

واضح رہے کہ اس سال کے آخر میں پاکستان کے دورۂ نیوزی لینڈ کےبعض میچز بگ بیش لیگ سے متصادم ہوں گے جس کے باعث امکان ہے کہ لیگ کے اہم موقع پر برسبین ہیٹ کو شاداب خان کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

معاہدے کے بعد برسبین ہیٹ کے کوچ ڈینیل ویٹوری کا کہنا تھا کہ شاداب خان بگ بیش لیگ کے دوران آنے والی پاکستان نیوزی لینڈ سیریز کے لیے ممکنہ طور پر پاکستان ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں اس لیے اپنے منصوبوں پرتسلسل کے ساتھ عمل درآمد کے لیے تجربہ کار یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی بگ بیش لیگ کی ہر ٹیم کو دو غیرملکی کھلاڑیوں کو 18 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنانے کی اجازت ہے۔

گزشتہ سال سیمی فائنل کھیلنے والی برسبین ہیٹ نےاس سال پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان اور نیوزی لینڈ کے بیٹسمین برینڈن مک کیلم کی خدمات حاصل کی ہیں۔

واضح رہے کہ یاسر شاہ صرف اسی صورت ٹیم کا حصہ ہوں گے جب ان دونوں کھلاڑیوں میں سے کوئی ایک دستیاب نہیں ہوگا۔

بگ بیش لیگ کا افتتاحی میچ 19دسمبرکو سڈنی تھنڈرز اور سڈنی سکسرز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ برسبین ہیٹ اپنا پہلامیچ 20دسمبر کو میلبرن اسٹار کے خلاف کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG