رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 66 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے


فایل فوٹو
فایل فوٹو

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 66 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ 12 لاکھ سے زائد افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

کرونا وائرس کے اعداد و شمار جمع کرنے والی ویب سائٹ 'ورلڈومیٹرز' کے مطابق کرونا وائرس کے کیسز میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں 17 ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کیسز اب تک امریکہ میں سامنے آئے ہیں جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد تین لاکھ 11 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے جب کہ 8454 افراد کی موت ہوئی ہے۔ امریکہ میں 35 فی صد کیسز صرف نیویارک میں سامنے آئے ہیں جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

امریکہ میں مجموعی ہلاکتوں کی 42 فی صد اموات نیویارک میں ہوئی ہیں۔ جہاں مرنے والوں کی تعداد 3565 تک پہنچ چکی ہے۔ 24 گھنٹوں میں نیویارک میں 630 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔ ریاست میں وینٹی لیٹرز کی کمی کی وجہ سے مزید وینٹی لیٹرز کا بندوبست تیزی سے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو کے مطابق چین کی جانب سے عطیہ کیے گئے ایک ہزار وینٹی لیٹر جلد ریاست کو مل جائیں گے۔

ان کے بقول وہ شہریوں کی زندگی بچانے کے لیے انتہائی فیصلے کر رہے ہیں۔

امریکی ریاست اوریگن نے بھی 140 وینٹی لیٹرز نیویارک ارسال کیے ہیں۔ جس پر گورنر کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک ہی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے۔

امریکہ نے بھارت سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے جہاز بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب یورپی ممالک میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ اور اس سے مرنے والوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اسپین میں متاثرہ افراد کی تعداد اٹلی سے زائد ہو چکی ہے جب کہ جرمنی اور فرانس بھی ہلاکتوں میں چین سے آگے بڑھ چکے ہیں۔

اسپین میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ ہلاکتوں میں 471 افراد کا اضافہ ہوا ہے جس سے اموات 12418 ہو گئی ہیں۔

اٹلی میں ہلاکتیں 15362 ہو چکی ہیں جب کہ یہاں مصدقہ مریض ایک لاکھ 25ہزار کے قریب ہیں۔

اٹلی میں حکام نے 21ہزار افراد کے صحت یاب ہونے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

جرمنی میں ہلاکتیں 1478 ہو گئی ہیں تاہم یہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 97ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے اور مریضوں میں اضافہ بھی تیزی سے ہو رہا ہے۔

فرانس میں 90 ہزار مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ حکام کے مطابق 7560 افراد وبا سے مارے گئے ہیں۔

چین میں حکام کے دعوؤں کے مطابق مرض پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں میں محض مزید 30 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 81669 ہو گئی ہے جب کہ ایک دن میں صرف تین افراد وائرس سے مرے جس سے اموات لہ تعداد 3329 ہو چکی ہے۔

ایران میں مزید 2483 افراد میں وائرس پایا گیا جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 58 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 3603 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

یورپی ممالک نیدر لینڈز میںن 1766 افراد، بیلجیم میں 1447 اور سوئٹزرلینڈ میں 680 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

ترکی میں 24ہزار کے قریب افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ حکام نے وبا سے 500 افراد کے مرنے کی تصدیق کی ہے۔

آباد کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت میں حکام نے 3588 افراد میں وائرس کی تصدیق کی ہے جب کہ ہلاکتیں 99 ہوئی ہیں۔

نشریاتی ادارے 'سی این این' کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں ایشیا کی سب سے بڑی جھگیوں کی بستی میں کرونا کے پانچ کیسز سامنے آئے ہیں۔

اس جھگیوں کی بستی میں 10 لاکھ سے زائد افراد آباد ہی۔ حکام کو خدشہ ہے کہ وائرس سے یہاں زیادہ نقصان ہو سکتا ہے۔

محکمہ صحت نے چار ہزار سے زائد افراد یہاں تعینات کیے ہیں جو مکینوں کے ٹیسٹ کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG