رسائی کے لنکس

ڈوپنگ ٹیسٹ سے غیر حاضری، دنیا کے تیز ترین انسان کو دوڑنے سے روک دیا گیا


دنیا کے تیز ترین انسان کو ڈوپنگ ٹیسٹ سے غیر حاضر ہونے کی وجہ سے مقابلوں کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔

امریکی ایتھلیٹ کرسچن کولمین پر اگر جان بوجھ کر غیر حاضر ہونے کا الزام ثابت ہوگیا تو ان پر دو سال کی پابندی لگ سکتی ہے اور وہ آئندہ سال تک کے لیے موخر اولمپکس میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

کرسچن کولمین نے گزشتہ سال ورلڈ چیمپین شپ میں 100 میٹرز ٹائٹل جیتا تھا۔ یہ دوڑ جیتنے والے ایتھلیٹ کو دنیا کا تیز ترین آدمی قرار دیا جاتا ہے۔

ایتھلیٹکس انٹیگری یونٹ نے بدھ کو اعلان کیا کہ کولمین کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ ان کے معاملے کی ورلڈ ایتھلیٹکس کے اینٹی ڈوپنگ قوانین یا انٹیگری یونٹ کے ضابطہ اخلاق کے تحت سماعت ہوگی اور وہ حتمی فیصلے تک معطل رہیں گے۔

ایتھلیٹس کے لیے لازم ہے کہ جب ان کا ڈوپ ٹیسٹ ہونا ہو تو وہ ہر روز ایک گھنٹے کے لیے اپنی موجودگی سے آگاہ کریں۔ ایسا کرنے میں ناکامی کا مطلب یہ سمجھا جاتا ہے کہ ایتھلیٹ حکام کو اپنی موجودگی کے بارے میں نہیں بتانا چاہتا یا وہ اس وقت اس مقام پر نہیں تھا جہاں اسے ٹیسٹ کرنے والوں کا انتظار کرنا تھا۔

کولمین پر گزشتہ سال ورلڈ چیمپین شپ سے بھی پہلے الزام تھا کہ وہ ٹیسٹ کے لیے نہیں مل سکے۔ لیکن اس الزام کو بعد میں واپس لے لیا گیا تھا۔ لیکن بہرحال ایک سال میں ایسا تین بار ہوچکا ہے کہ کولمین ٹیسٹ کے لیے نہیں ملے۔

کولمین نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ 9 دسمبر کو ٹیسٹ کرنے والے انھیں تلاش نہیں کرسکے حالانکہ وہ ٹیسٹ کے مقام کے قریب ایک شاپنگ مال میں کرسمس کے لیے تحفے خرید رہے تھے۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ ٹیسٹ کرنے والوں نے انھیں فون کیوں نہیں کیا، جبکہ ماضی میں ہمیشہ انھیں کال کیا جاتا رہا ہے۔

کولمین نے لکھا کہ ان کے خیال میں 9 دسمبر کو جان بوجھ کر انھیں کال نہیں کیا گیا تاکہ وہ ٹیسٹ سے غیر حاضر رہیں۔

ایتھلیٹکس انٹیگریٹی یونٹ کا کہنا ہے کہ فون کرنا ضروری نہیں ہوتا اور عام طور پر ملازمین سے کہا جاتا ہے کہ ایتھلیٹس کو کال نہ کریں کیونکہ اس سے ٹیسٹنگ پروگرام پر منفی اثر پڑسکتا ہے۔

یونٹ نے ایک ای میل بیان میں کہا کہ فون کال کرنے یا کسی اور صورت میں پیشگی نوٹس دینے سے ایتھلیٹ کو یہ موقع مل جاتا ہے کہ وہ ٹیسٹ کے نتیجے پر اثرانداز ہونے کے لیے کوئی اقدام کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے قواعد کے مطابق ٹیسٹ سے غیر حاضر ہونے کے لیے فون کال نہ کرنے کو بطور جواز پیش نہیں کیا جاسکتا اور ایتھلیٹ اس بنیاد پر اپنا دفاع نہیں کرسکتا۔

کولمین جن بعض ٹیسٹوں سے غیر حاضر رہے تھے وہ ایتھلیٹکس انٹیگری یونٹ کے نہیں بلکہ امریکی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے تھے۔ امریکی ایجنسی کے قواعد کے مطابق کسی ایتھلیٹ کو ٹیسٹ سے قبل آخری پانچ منٹ میں فون کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کا مقصد اس کی موجودگی کا پتا لگانا نہیں بلکہ یہ معلوم کرنا ہوتا ہے کہ وہ دستیاب ہے یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG