رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: زمبابوے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

زمبابوے پہلی بار 1983ء کے ورلڈ کپ میں شریک ہوا تاہم اسےپہلے رائونڈ میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 1987ء، 1992ء اور 1996ء کے ورلڈ کپس میں بھی زمبابوے کی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔ تاہم 1999ء اور 2003ء کے ورلڈ کپس میں زمبابوے کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

2007ء میں ایک بار پھر اسے پہلے ہی رائونڈ میں ایونٹ سے باہر ہونا پڑا تھا۔

ملک کے پیچیدہ سیاسی حالات کے سبب عالمی اور کھیلوں کی سطح پر بار بار تنہائی کا شکار ہونے والی زمبابوے کی ٹیم 2011ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں 24 سالہ ایلٹن چگم بورا کی قیادت میں شریک ہورہی ہے۔

زمبابوے نے 1983 سے 2007ء تک ہونے والے ورلڈ کپس میں کل 45 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف 8 میں اسے فتح حاصل ہوئی۔

تاہم فتح کی پست شرح کے باوجود زمبابوے کرکٹ ورلڈ کپ میں اپ سیٹ کرنے والی ٹیم کے طور پر مشہور ہے۔ یہ ٹیم ماضی میں 1983 میں آسٹریلیا، 1992 میں انگلینڈ، اور 1999 میں بھارت اور جنوبی افریقہ جیسی اس وقت کی فیورٹ ٹیموں کو ہرا کر اپ سیٹ کرنے کا ریکارڈ رکھتی ہے۔

2007ء کے آئی سی سی کے ٹوئنٹی 20 ایونٹ میں زمبابوے نے آسٹریلیا کو ہرا کر ایک بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کیلئے اعلان کردہ زمبابوے کی ٹیم میں 2007 کے ٹوئنٹی 20 اسکواڈ کے بھی کچھ کھلاڑی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ زمبابوے کے پاس بیٹنگ اور بالنگ سائیڈ پر برینڈن ٹیلر اور رے پرائس جیسے دو ایسے کھلاڑی موجود ہیں جن کی کاکردگی کی بنیاد پر ٹیم سے اس بار بھی کسی اپ سیٹ کی امید وابستہ کی جاسکتی ہے۔

25 سالہ برینڈن ٹیلر اپنی نسبتاً کم عمری میں ہی 112 ایک روزہ عالمی میچ کھیل کر 32 سو سے زائد رنز بناچکے ہیں۔ جبکہ لیفٹ آرم اسپنر پرائس آئی سی سی کی بالرز رینکنگ میں دوسرا نمبر رکھتے ہیں۔

زمبابوے عالمی کپ 2011ء میں شریک ٹیموں کے گروپ "اے" میں شامل ہے اور اپنا پہلا میچ 21 فروری کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

لیگ کے دیگر میچز میں زمبابوے 28 فروری کو کینیڈا، 4 مارچ کو نیوزی لینڈ، 10 مارچ کو سری لنکا، 14 مارچ کو پاکستان اور 20 مارچ کو کینیا کا سامنا کرے گا۔

زمبابوے کی ٹیم میں کپتان ایلٹن چگم بورا کے علاوہ ریجس چکبوا، چارلس کووینٹری، گریم کریمر، کریگ ارون، گریگوری لیمب، شینگرائی مساکڈزا، ٹیری ڈفن، کرسٹوفر موفو، ریمنڈ پرائس، ٹناشے پنینگارا، ٹاٹینڈا ٹائی بو، رینڈن ٹیلر، پروسپر اٹسیا اور سین ولیمز شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG