رسائی کے لنکس

یکم جنوری کو دنیا کی آبادی 8 ارب سے بڑھ جائے گی


اے بی فائل فوٹو
اے بی فائل فوٹو

امریکہ کے مردم شماری کے ادارے نے کہا ہے کہ دسمبر کے اختتام پر جب نئے سال کا سورج طلوع ہو گا تو دنیا کی آبادی 8 ارب کے ہندسے کو عبور کر چکی ہو گی۔

مردم شماری کے امریکی بیورو کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزرنے والے سال کے دوران دنیا کی کل آبادی میں ساڑھے سات کروڑ نفوس کا اضافہ ہوا تھا۔ اور اب جب انسان نئے سال میں قدم رکھے گا تو کرہ ارض پر اس کے ساتھ آٹھ ارب سے زیادہ لوگ موجود ہوں گے۔

گزرنے والے سال میں دنیا کی آبادی میں اضافے کی مجموعی شرح ایک فیصد سے کچھ ہی کم تھی۔ آبادیات کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ سن 2024 میں دنیا بھر میں ہر ایک سیکنڈ میں چار اعشاریہ تین بچے پیدا ہوں گے جب کہ دو اموات ہوں گی۔ اس طرح ہر ایک سیکنڈ میں آبادی میں دو اعشاریہ تین نئی زندگیوں کا اضافہ ہو گا۔

اس سال امریکہ میں آبادی میں اضافے کی شرح نصف فیصد سے قدرے زیادہ یعنی صفر اعشاریہ 53 فی صد رہی ۔ اسی طرح دنیا میں آبادی بڑھنے کی شرح میں بھی کمی آئی اور یہ صفر اعشاریہ 88 فیصد ہے جب کہ ایک سال پہلے یہ رفتار صفر اعشاریہ 98 فیصد تھی۔

دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں آبادی میں اضافے کی رفتار مسلسل گر رہی ہے جب کہ پس ماندہ اور ترقی پذیر ملکوں میں یہ شرح اب بھی کافی بلند ہے۔ مثال کے طور پر 2023 کی مردم شماری کے مطابق پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح ڈھائی فیصد سے بھی زیادہ ہے۔

سال 2023 کے دوران امریکہ کی آبادی میں 17 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا اور مردم شماری کے محکمے کا کہنا ہے کہ نئے سال کے موقع پر امریکہ کی آبادی 33 کروڑ 58 لاکھ ہو گی۔

تھنک ٹینک بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے ایک ماہر ولیم فیری کہتے ہیں اگر امریکہ میں آبادی میں اضافے کا موجودہ رجحان برقرار رہتا ہے تو 2020 کا عشرہ آبادی میں کم ترین اضافے کا عشرہ بن جائے گا اور 2020 سے 2030 کے دوران آبادی میں مجموعی طور پر چار فیصد سے کم اضافہ ہو گا۔

آبادیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 میں امریکہ میں ہر 9 سیکنڈ میں ایک بچہ پیدا ہو گا اور ہر ساڑھے 9 سیکنڈ میں ایک موت متوقع ہے۔ تاہم آبادی میں اضافے کی سطح تارکین و طن کی آمد سے قائم رہے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کے آنے سے امریکہ کی آبادی میں ہر 28 اعشاریہ 3 سیکنڈ میں ایک فرد کا اضافہ ہو گا ۔

پیدائش، اموات اور تارکین وطن کی آمد سے مجموعی طور پر امریکہ کی آبادی میں ہر 24 اعشاریہ 2 سیکنڈ میں ایک فرد کے اضافے کی توقع ہے۔

(اس آرٹیکل کے لیے کچھ معلومات اے پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG