روس اور یوکرین کی جنگ میں دونوں کے ایک لاکھ سے زیادہ فوجی ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں: امریکی جنرل
امریکہ کے اعلیٰ ترین جنرل نے کہا ہے کہ کہ روس کی فوج نے یوکرین میں اپنے ایک لاکھ سے زیادہ فوجیوں کو ہلاک اور زخمی ہوتے دیکھا ہے۔
جنرل ملی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کیف کی مسلح افواج کا بھی جنگ میں جانی نقصان تقریباً اتنا ہی ہے۔
خبر رساں اداہ راٹرز کا کہنا ہے کہ ان تخمینوں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا ۔
جنرل ملی کے یہ ریمارکس تقریباً نو ماہ پرانے تنازع میں ہونے والی ہلاکتوں کا سب سے زیادہ امریکی تخمینہ پیش کرتے ہیں اور یہ بیان ایسے میں سامنے آیا ہے جب یوکرین اور روس کو موسم سرما کے دوران لڑائی میں ممکنہ طور پر کمی درپیش ہے جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے یہ کسی قسم کے مذاکرات کا موقع فراہم کر سکتی ہے ۔
ایران نے جوہری مذاکرات میں کوئی نئی بات نہیں کہی: آئی اے ای اے
جوہری توانائی سے متعلق اقوام متحدہ کے نگران ادارے کے سر براہ نے کہا ہے کہ ایران نے وی آنا میں ایک حالیہ میٹنگ کے دوران اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں کوئی نئی بات نہیں بتائی
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات آنے والے ہفتوں میں جاری رہیں گے ۔
تہران نے 2 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ وہ جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے ، آئی اے ای اے کے ساتھ اختلافات کم کرنے کے لیے ایک وفد وی آنا بھیج رہا ہے۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل مریانو گروسی نے مصر میں آب وہوا کی ستائیسویں سر براہ کانفرنس کے موقع پر الگ سے رائٹرز کو بتایا کہ انہوں نے کوئی نئی بات نہیں بتائی لیکن ہم چند ہفتوں میں ایک تکنیکی سطح پر دوبارہ ملاقات کریں گے ۔
امریکی پابندیاں روس سے خوراک کی ترسیل میں رکاوٹ نہیں
امریکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے کہ خوراک کی ترسیل پر اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے اس معاہدے کی تجدید کے لیے بات چیت کے دوران امریکی پابندیاں ترقی پذیر ملکوں کو روسی خوراک اور کھاد کی ترسیل میں رکاوٹ نہ بنیں جس کی میعاد 19 نومبر کو ختم ہو رہی ہے ۔
اس ہفتے ایک انٹرویو میں، امریکی محکمہ خارجہ کے اقتصادی امور کے اعلیٰ عہدیدار رامین طولوئی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اگر روس معاہدے کی تجدید نہیں کرتا ہے تو عالمی غذائی تحفظ پر خوفناک اثرات مرتب ہوں گے۔
اس سوال پر کہ روس نے مغرب سے روسی زرعی ببنک پر عائد پابندیوں کو نرم کرنے کے لیے کہا ہے کیا اس مطالبے پر غور کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ ہم اس چیز کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات پر کام کررہے ہیں کہ ترقی پذیر ملکو ں کو روس سے خوراک اور فرٹیلائز کی برآمدات میں سہولت پیدا کی جائے ۔
روسی وزارت دفاع کا یوکرین کے علاقے کھیرسن سے فوجی انخلا مکمل کرنے کا اعلان
روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے یوکرین کے جنوبی کھیرسن کے علاقے میں دریائے نیپر کے مغربی کنارے سے اپنے فوجیوں کا انخلاء مکمل کر لیا ہے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے جاری کردہ ایک بیان میں، وزارت نے کہا کہ انخلا جمعہ کی صبح 5 بجے مکمل ہو گیا تھا، اور مغربی کنارے پر فوجی سازوسامان کا ایک بھی یونٹ باقی نہیں بچا تھا۔
اس ہفتے کے شروع میں پسپاِئی کا اعلان یوکرین میں ماسکو کی جنگ کے لیے ایک اور دھچکے کی نشاندہی کرتا ہے۔
کریملن کے ترجمان نے جمعہ کے روز پسپائی کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے لیے ذلت آمیز قرار دینے سے انکار کر دیا۔