جنوبی کوریا اور امریکی فضائی مشقوں میں ایک روز کی توسیع
جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا کی فوج کے اشتعال انگیزیوں کو حوالہ دیتے ہوئے جمعے کے روز اعلان کیا کہ امریکہ او ر جنوبی کوریا کے درمیان ویجیلینٹ اسٹارم نامی بڑے پیمانے کی فضائی مشقیں جن میں 240 طیارے حصہ لے رہے ہیں ایک اور روز کے لیے ہفتے تک جاری رہیں گی ۔
بدھ کے روز سے شمالی کوریا 30 میزائل لانچ کر چکا ہے جن میں سے کچھ کی وجہ سے جنوبی کوریا اور جاپان کو فضائی الرٹس اور ہنگامی پناہ گاہوں میں جانے کے احکامات جاری کرنے پڑے۔
متعدد سفارت کاروں نے وی او ا ے کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل امریکہ اور متعدد ملکوں کی درخواست پر شمالی کوریا کی میزائل لانچنگ پر گفتگو کے لیے جمعے کو اجلاس کرے گی۔
جنوبی کوریا کے جوائٹ چیفس آف اسٹاف کے ایک بیان کے مطابق شمالی کوریا نے رات بھر اپنے مشرقی ساحل سے پرے ایک حساس سمندری سرحدی علاقے میں 80 گولے بھی داغے ۔
واشنگٹن میں جنوبی کوریا اور امریکہ کے دفاع سے متعلق سربراہان نے جمعرات کو اس عزم کا اظہار کیا کہ شمالی کوریا کےمیزائل تجربات کے رد عمل میں وہ اپنے دفاعی اقدامات میں اضافہ کر دیں گے ۔
پنٹگان میں اجلاس کے بعد جاری ایک بیان کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن نے کہا کہ امریکہ یا اس کے اتحادیوں کے خلاف نان اسٹریٹجک جوہری ہتھیاروں سمیت کوئی بھی جوہری حملہ ناقابل قبول ہوگا اور اس کے نتیجے میں کم کی حکومت ختم ہو جائے گی ۔
نتن یاہو اسرائیل کے وزیر اعظم منتخب، یائر لیپڈ نے انتخابات میں شکست تسلیم کر لی
اسرائیلی وزیر اعظم یائر لیپڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے اس ہفتے کے انتخابات میں سابق وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو سے اپنی شکست کو تسلیم کر لیا ہے ۔
ایک بیان میں لیپڈ نے نتن یاہو کو مبارکباد دی اور اپنے دفتر کو انتقال اقتدار کی تیاری کی ہدایات دے دیں ہیں ۔
سابق وزیر اعظم نتین یاہو توقع ہے کہ امکانی طور پر جب آنے والے ہفتوں میں اقتدار سنبھالیں گے تو وہ ملک کی تاریخ کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت کی قیادت کریں گے ۔
اسرائیل میں منگل کو چار سال میں ہونے والے اس کے پانچویں انتخابات ایک ایسے سیاسی بحران کے دوران منعقد ہوئے تھے جب ووٹرز بدعنوانی کے مقدمے کے دوران خدمات انجام دینے کی نتن یاہو کی صلاحیت پر اختلاف کا شکار تھے ۔
امریکہ نے ایرانی حمایت یافتہ تیل کی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک پر پابندیاں لگا دیں
امریکہ نے جمعرات کے روز تیل کی اسمگلنگ کے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف پابندیاں عائد کر دی ہیں جس کے بارے میں اس نے کہا ہے کہ وہ حزب اللہ اور ایران کی قدس فور س کی مدد کرتا ہے ۔
ان پابندیوں میں درجنوں لوگوں ، کمپنیوں اور ٹیکنکرز کو ہدف بناتے ہوئے واشنگٹن تہران پر اپنا دباؤ بڑھا رہا ہے ۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اس نیٹ ورک کے ارکان کو نامزد کرتا ہے جنہوں نے لبنان کے لیے ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ اور ایران کی پاسداران انقلاب کی ایک شاخ قدس فورس کے لیے تیل کی تجارت کو آسان بنایا اور محصولات پیدا کیے ۔
ایرانی تیل کے اسمگلروں کے خلاف امریکہ نے یہ تازہ ترین اقدام ایسے وقت میں کیا ہے جب ایران کے 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کی کوششیں تعطل کا شکار ہیں اور اسلامی جمہوریہ اور مغرب کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں جب کہ ملک کے اندر ایک 22 سالہ خاتون مہسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہلاکت کے خلاف ملک بھر کئی ہفتوں سے حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں ۔
ایران میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہرے ساتویں ہفتے میں داخل
ایران میں اتوار کے روز یونیورسٹیوں اور زیادہ تر شمال مغربی کرد علاقے میں نئے مظاہرے شروع ہو گئے جو سات ہفتوں سے جاری حکومت مخالف تحریک میں شامل افراد کی شدید پکڑ دھکڑ کے باوجود برقرارہیں۔
ستمبر کے وسط میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہرے، 1979 کے انقلاب کے بعد سے علما حکمرانوں کے لیے سب سے بڑے چیلنج میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
ناروے میں قائم انسانی حقوق کے ایک گروپ Hengaw نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے اتوار کے روز کرد صوبے کے ایک قصبے مریوان میں فائرنگ کی جس سے 35 لوگ زخمی ہو گئے ۔خبر رساں ادارہ اے ایف پی اس تعداد کی فوری طور پر تصدیق نہیں کر سکا ۔
تازہ ترین مظاہرہ تہران میں ایک کرد طالبہ نسرین غدری کی ہلاکت کے باعث شروع ہوا جو ’ہینگو ‘ کے مطابق ہفتے کو پولیس کی جانب سے سر پر مار پیٹ کے بعد ہلاک ہو گئی تھی۔ ایرانی حکام نے ابھی تک اس ہلاکت کی وجہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
ہینگو نے کہا کہ غدری کو حکام کے اصرار پر فجر کے وقت جنازے کی رسومات کے بغیر دفن کیا گیا تھا جنہیں خدشہ تھا کہ یہ واقعہ احتجاجی فلیش پوائنٹ بن سکتا ہے۔
اتوار کے روز، ایران کے قانون سازوں کی اکثریت نے عدلیہ پر زور دیا کہ وہ مظاہروں کے دوران، جنہیں حکام بلوے قرار دیتے ہیں آنکھ کے بدلے آنکھ کے انصاف کا اطلاق کرے۔