رسائی کے لنکس

کابل میں ایک خاتون عالمی ادارے کے ایک کلینک میں کام کر رہی ہے۔ 26 جنوری 2023
کابل میں ایک خاتون عالمی ادارے کے ایک کلینک میں کام کر رہی ہے۔ 26 جنوری 2023

اقوام متحدہ کا طالبان سے خواتین پر عالمی داروں میں کام کی پابندی اٹھانے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے ماہرین نے طالبان کے اس حالیہ حکم نامے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے جس میں افغان خواتین کے افغانستان میں اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

13:14 14.10.2022

امریکہ نے انتخابات تک تیل کی کٹوتیاں روکنے کے لیے کہا تھا: سعودی عرب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب نے کہا ہے کہ امریکہ نے سلطنت پر زور دیا تھا کہ وہ اوپیک اور روس سمیت اپنے اتحادیوں کی طرف سے تیل کی پیداوار میں کمی کے فیصلے کو ملتوی کرے۔

اوپیک نے 5 اکتوبر کو کٹوتیوں کا اعلان کیا تھا۔ اس تاخیر سے اگلے ماہ امریکی وسط مدتی انتخابات کے دوران گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی تھی۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعرات کو سعودی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں امریکی انتخابات کا خصوصی طور پر ذکر نہیں کیا گیا جو کانگریس میں اپنی ڈیموکریٹک پارٹی کی معمولی اکثریت کو برقرار رکھنے کی صدر بائیڈن کی کوششوں کے لیے اہم ہیں۔

تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں امریکہ اور پوری دنیا میں افراط زر کی ایک بڑی وجہ رہی ہیں ۔

وائٹ ہاؤس نےاس بات کی تردید کی ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی کو ملتوی کرنے کی اس کی درخواست کا انتخابات سے کوئی تعلق تھا ۔

13:20 14.10.2022

کیاترکیہ روس کے خلاف پابندیوں سے گریز کر رہا ہے؟

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ، فائل فوٹو
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ، فائل فوٹو

ترک صدر رجب طیب اردوان نے روسی صدر ولادی میر پوٹن سے کئی ماہ میں چوتھی بار جمعرات کے روز ملاقات کی ۔

یہ متعدد ملاقاتیں اور قریبی تعلقات ترکی کے مغربی اتحادیوں میں ان خدشات کو ہوا دے رہی ہیں کہ انقرہ روس کے خلاف پابندیوں سے گریز کر رہا ہے۔

تازہ ترین ملاقات ایشیا میں ربط ضبط اور اعتماد سازی کے اقدامات پر آستانہ میں منعقدہ سر براہی کانفرنس کے موقع پر الگ سے ہوئی تھی ۔ اپنی ملاقات کے بعد اردوان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے اس معاہدے کی کامیابی کوتقویت دیں جو روس کی بحری فورسز کی جانب سے روکے جانے والے یوکرین کے اناج کو دنیا کی منڈیوں میں داخلے کی اجازت دیتا ہے ۔

اردوان نے کہا کہ ترکیہ استنبول معاہدے کے تحت اناج کی برآمدات کو مستحکم اور جاری رکھنے ، اور روسی اناج اور فرٹلائزر کو ترکی کے راستے کم ترقی یافتہ ملکوں تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہے ۔

ماسکو کے ساتھ قریبی تعلقات بر قرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے انقرہ روس کے خلاف مغربی پابندیوں پر عمل درآمد سے انکار کرتا ہے ۔

یورپی یونین نے اس ہفتے ایک رپورٹ میں انقرہ پر پابندیوں کا نفاذ نہ کرنے پر سخت تنقید کی تھی اور خبردار کیا تھا کہ یورپی کمپنیاں پابندیوں سے گریز کے لیے ترکیہ کو استعمال کر سکتی ہیں۔

واشنگٹن نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

ایسی شکایات میں اضافے کا امکان ہے جب کہ جمعرات کو پوٹن نے اس تجویز کا اعادہ کیا ہے کہ روسی گیس کی تقسیم کے لیے ترکی کو ایک مرکز کے طور پر استعمال کیا جائے جو ابتدائی طور پر یورپ کے لیے تھی ۔

اردوان نے اس تجویز پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

13:26 14.10.2022

شام: بس پر بم حملہ، 18 فوجی ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے

شام کے علاقے عفرین میں باغی سرگرم ہیں۔
شام کے علاقے عفرین میں باغی سرگرم ہیں۔

شام کے سرکاری میڈیا نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کو دمشق کے مضافات میں ایک بس میں ہونے والے بم دھماکے میں 18 شامی فوجی ہلاک اور کم ا ز کم 27 زخمی ہو گئے جب کہ ملک کےشمال میں لڑائی میں شدت پیدا ہو گئی ہے ۔

گزشتہ برسوں میں ایسے ہی حملوں میں جنگ زدہ ملک میں حکومت کے قبضے کے علاقوں میں درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ مارچ میں عسکریت پسندوں نے مرکزی شام کے علاقے پالمیرا کے قریب ایک فوجی بس پر حملہ کر کے13 فوجیوں کو ہلاک اور 18 کو زخمی کر دیا تھا

شامی حکام نے ماضی میں ایسے حملوں کا الزام داعش کے عسکریت پسندوں پر عائد کیا تھا جو 2019 میں ملک کے علاقائی کنٹرول کو کھو دینے کے باوجود جنوبی اور مرکزی شام میں سر گرم رہے ہیں۔

13:33 14.10.2022

دنیا کے آدھے ملکوں کے پاس طوفانوں سے پیشگی آگاہی کے آلات نہیں ہیں: اقوام متحدہ

ایل سلواڈور میں طوفانی بارشوں کے بعد تباہی کا منظر، فائل فوٹو
ایل سلواڈور میں طوفانی بارشوں کے بعد تباہی کا منظر، فائل فوٹو

ایک نئی رپورٹ سے معلوم ہو اہے کہ عالمی سطح پر تمام ملکوں میں سے نصف میں پیشگی انتباہی نظام کا فقدان ہے جو کہ سمندری طوفان ، خشک سالی اور گرمی کی لہروں سمیت آنے والی قدرتی آفات کے بارے میں کمیونٹیز کو خبردار کر کے جانیں بچا سکتا ہے۔

قدرتی آفات کے خطرات میں کمی سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر ، یا، اور عالمی موسمیاتی ادارےکی مشترکہ رپورٹ قدرتی آفات کے خطرے میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی جا رہی ہے۔

شدید موسموں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کا تخمینہ ہے کہ 3.6 ارب لوگ ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جو موسمیاتی تبدیلیوں اور متعلقہ آفات کے خطرے کی زد میں ہیں ۔

اس کا کہنا ہے کہ ریکارڈ شدہ آفات کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ انسانوں کی طرف سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی اور زیادہ شدید، غیر متوقع موسمی واقعات ہیں ۔

یو این ڈی آر آر کی پیشنگوئی کے مطابق 2030 تک دنیا بھر میں ہر سال 560 قدرتی آفات واقع ہوں گی ۔ اس نے خبردار کیا ہے کہ 2030 تک خشک سالی کی تعداد میں تیس فیصد اور شدید موسمی لہروں میں تین گنا اضافہ ہو جائے گا۔ خطرات کے علم نگرانی اور کارکردگی میں بہتری کے شعبے سے متعلق ادارے کی سربراہ لوریٹا ہیبر جیراڈیٹ کہتی ہیں کہ کمیونٹیز کے لئے اپنی حفاظت کریں اور آب و ہوا کی تبدیلی سے مطابقت پیدا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پیشگی انتب کے نظاموں کو بہتر بنایا جائے ۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG