یورپی ممالک قدرتی گیس کی قیمتوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں
یورپی یونین کے رہنما قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی حد پر اہم اختلافات دور کرنے کی کوشش میں جمعے کو پراگ میں اجلاس کر رہے ہیں کیونکہ موسم سرما قریب آ رہا ہے اور یوکرین کے خلاف روس کی جنگ توانائی کے بحران کو ہوا دے رہی ہے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ قیمت کی حد اس بحران پر قابو پانے میں مدد دے گی جو صارفین اور کاروبار کے لیے قیمتوں کو بڑھا رہا ہے اور جو بلیک آوٹ ،بند فیکٹریوں اور موسم سرما میں شدید کساد بازاری کا باعث بن سکتا ہے۔
اب جب کہ یورپ کے ممالک نے یوکرین کے لیے ہتھیاروں، رقم اور امداد کی شکل میں اپنی حمایت کو تقویت دی ہے، روس نے 13 رکن ملکوں کے لیے قدرتی گیس کو کم یا منقطع کر دیا ہے۔
جمعہ کے اجلاس میں ایک معاہدے کی راہ میں کھڑے ہونا اس سادہ سی حقیقت کی غماز ہے کہ ہر رکن ملک توانائی کے مختلف ذرائع اور سپلائرز پر انحصار کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کا سری لنکا سے اقتصادی بحران کے ذمہ دار عہدے داروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ
اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل نے جمعرات کو منظور کی گئی ایک قرار داد میں سری لنکا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اقتصادی بحران پر قابو پائے اور بد عنوانی کرنے والے پبلک عہدے داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے ۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلی ترین ادارے نے جنوبی ایشیا کے اس ملک پر اپنی توجہ مرکوز رکھتے ہوئے سات کے مقابلے میں بیس ووٹوں سے قرار داد کو منظور کیا۔
سری لنکا کے وزیر خارجہ علی صابری نے جنیوا میں چیمبر کو بتایا کہ کولمبو متن کو یکسر مسترد کرتا ہے ۔
کونسل نے اقتصادی بحران اور پر امن مظاہروں کے خلاف تشدد کے استعمال کے انسانی حقوق پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور حقوق کی تمام خلاف ورزیوں اور زیادتیوں کی جواب دہی کے ایک جامع پراسس پر زور دیا ۔
19 نکاتی قرار داد کو بیشتر یورپی ملکوں پر مشتمل 37 ملکوں نے پیش کیا ۔
بوسنیا کے حزب اختلاف کی عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر جعل سازی کے خلاف مظاہرے
بوسنیا میں ہزاروں لوگوں نے روس نواز بوزنیائی سرب لیڈ ر پر اس سال کے شروع میں بلقان میں ایک عام انتخاب کے دوران ووٹنگ میں جعلسازی کا الزام لگاتے ہوئے ایک ہفتے میں دوسری بار ریلی نکالی۔
بوسنیا میں دو اکتوبر کو ہونے والی ووٹنگ کے حتمی نتائج کا ابھی تک اعلان نہیں ہوا ہے ۔ یہ انتخابات سرب اکثریتی اور بلقان کے بوسنیائی -کروشیائی اور ،مشترکہ مرکزی اداروں میں حکومت کے تمام عہدوں کے لیے منعقد ہوئے تھے۔
بوسنیائی سربوں کے ممتاز سیاست دان ملوراد ڈوڈک نے سرب علاقے میں صدر کے انتخاب میں کامیابی کا دعوی کیا ہے ۔ تاہم حزب اختلاف کے رہنماؤں کا دعوی ہے کہ ان کی امیدوار جیلینا تری وچ فاتح ہیں اور یہ کہ ڈوڈک نے ووٹنگ میں جعلسازی کی ہے۔
بوسنیا کے دار الحکومت سرائیوو میں الیکشن کے مرکزی عہدے داروں نے ، بے قاعدگیوں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے حتمی گنتی کا تعین کرنے سے پہلے بیلٹ باکسز کو کھولنے او ر ملک بھر کے کم از کم ایک ہزار پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے ۔
ڈڈک نے جو بوسنیا سربوں کے نیم خود اختیار علاقے کے سب سے طاقتور سیاستدان ہیں، انتخابات میں جعلسازی کے الزامات سے انکار کیا ہے۔
شمالی شہر بانجا لوکا میں منعقد ریلی میں تری وچ نے کہا کہ حزب اختلاف ووٹوں کی دوبارہ گنتی ، بوسنیائی سر ب علاقے میں تمام ووٹوں کی پڑتال، اور ووٹنگ میں ممکنہ جعلسازی کی تحقیق چاہتی ہے ۔
ہیٹی میں بدامنی پر قابو پانے کے لیے کثٰیر ملکی ایکشن فورس بنائی جائے: انتونیوگوئترس
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے سلامتی کونسل کو ایک خط پیش کیا ہے جس میں ہیٹی سے مدد کی درخواست کے بعد تجویز دی گئی ہے کہ تیزی سے کارروائی کرنے والی ایک ایکشن فورس کو فوری طور پر فعال کیا جائے کیونکہ جرائم پیشہ گروہوں اور مظاہرین نے ملک کو مفلوج کرکے رکھ دیاہے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق اس خط میں ، جسے ایسوسی ایٹڈ پریس نے دیکھا تھا لیکن اسے عام نہیں کیا گیا ہے، ہیٹی کی نیشنل پولیس کی مدد کے لیے ایک یا کئی رکن ملکو ں کی طرف سے تعینات ایک تیز رفتار ایکشن فورس کو فوری طور پر فعال کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
مجوزہ فورس "مسلح گروہوں کی طرف سے لاحق خطرے کو دور کرے گی اور اہم بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کو فوری تحفظ فراہم کرے گی۔ " جب کہ وہ پانی ، ایندھن ، خوراک اور طبی سازو سامان کو مرکزی بندر گاہوں اور ہوائی اڈوں سے کمیونیٹیز اور صحت کے مراکز تک بحفاظت پہنچانے میں مدد کرے گی۔