ترکیہ میں مہنگائی 24 سال کی بلند ترین شرح پر، لیرا کی قدر میں 50 فی صد کمی
سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ستمبر میں ترکیہ کی سالانہ افراط زر 24 سال کی نئی بلند ترین سطح ،83.45 فیصد تک پہنچ گئی، جس سے ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ان گھرانوں کو مزید نقصان پہنچا جو پہلے ہی توانائی، خوراک اور رہائش کے بلند قیمتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
ترک شماریاتی ادارے نے پیر کو کہا کہ صارفین کی قیمتوں میں پچھلے مہینے سے 3.08 فیصد اضافہ ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی حقیقی شرح سرکاری اعدادوشمار سے بہت زیادہ ہے، جو کہ 186 فیصد ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے گزشتہ سال شرحوں میں کمی کے آغاز کے بعد سے لیرا امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی قدر کا 50 فیصد سے زیادہ کھو چکا ہے۔
صومالیہ میں تین کار بم دھماکوں میں کم ازکم 20 افراد ہلاک ہو گئے
وسطی صومالیہ میں پیر کو ہونے والے تین کار بم دھماکوں میں دو مقامی اہل کاروں سمیت کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد سے لدی دو گاڑیوں میں دھماکہ صبح کے وقت جب کہ تیسرا دھماکہ دوپہر کو ہوا۔
تین دھماکوں نے وسطی صومالیہ کے شہر بیلڈوین کو ہلا کر رکھ دیا، جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔
بیلڈوین کے پولیس کمشنر بشار حسین جمالے نے حملوں اور کچھ مقامی اہل کاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی الشباب نے کی تھی، جن میں اہل کار، شہری اور فوجی ہلاک ہوئے۔
انہوں نے صومالی زبان میں کہا، ’’ہم سوگ مناتے ہیں لیکن روتے نہیں ہیں، اور ہم الشباب سے بدلہ لیں گے۔‘‘
صومالیہ میں اقوام متحدہ کے دفتر نے ایک ٹویٹ میں اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
صدر بائیڈن کا سمندری طوفان فیونا سے متاثرہ پورٹوریکو کا دورہ، 60 ملین ڈالر امداد کا وعدہ
امریکی صدر جو بائیڈن نے پیر کو پورٹو ریکو میں سمندری طوفان فیونا سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا اور گزشتہ ماہ کے طوفان کے نتیجے میں امریکی علاقے کی مدد کے لیے 60 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد کا وعدہ کیا۔
صدر بائیڈن نے سمندری طوفان سے شدید متاثر جنوبی شہر پونس کے دورے میں کہا کہ"ہم پورٹو ریکو کی سڑکوں، پلوں، عوامی آمدورفت، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں، پانی کی حفاظت اور تیز رفتار انٹرنیٹ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں" ۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ پورٹو ریکو کی تعمیر نو کے لیے پرعزم ہے۔ صدر نے وعدہ کیا ۔
بائیڈن نے کہا کہ ،" جب تک میں صدر ہوں ، ہم اس وقت تک یہاں سے نہیں جائیں گے جب تک ہم ہر و ہ کام نہ کر لیں جو ہم کر سکتے ہیں"۔
بائیڈن بدھ کے روز جنوب مشرقی ریاست فلوریڈا جائیں گےجو گزشتہ ہفتے ہری کین سے متاثر ہوئی تھی۔
تائیوان نے انگریزی زبان کا پہلا ٹی وی چینل لانچ کر دیا
تائیوان کی صدر سائی انگ وین انگریزی ٹی وی چینل تائیوان پلس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی ہیں۔
تائیوان نے پیر کے روز اپنا پہلا انگریزی زبان کی خبروں، لائف اسٹائل اور تفریحی ٹیلی ویژن چینل لانچ کر دیا ہے تاکہ اسے بین الاقوامی سطح پر ایک ایسے وقت میں ایک بڑی آواز دی جا سکے جب چین اسے اپنا علاقہ قرار دینے کی کوشش کررہاہے۔
حکومت کے حمایت یافتہ تائیوان پلس نے گزشتہ سال زیادہ تر ایک آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے طور پر کام شروع کیا تھا اور صدر سائی انگ وین
نے اس کی بھرپور حمایت کی تھی۔
لانچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، سائی نے کہا تائیوان کی کہانیاں دنیا کے ساتھ شیئر کی جانی چاہئیں۔ "دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی تائیوان میں دلچسپی لینے کے ساتھ یہ پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے کہ ہمارے پاس تائیوان کو بین الاقوامی برادری تک لانے کے لیے ایک پلیٹ فارم ہو۔"
یہ ٹی وی چینل ابھی صرف تائیوان میں دستیاب ہے لیکن کلچر منسٹر لی یونگ ٹی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ اگلے چھ ماہ میں اسے امریکہ میں لانچ کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔