ایک نئے عالمی سروے نےسال 2015 کی مقبول ترین خواتین کے ناموں کی فہرست جاری کی ہے۔ عوامی جائزے میں لوگوں نے دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو دنیا کی دوسری مقبول ترین خاتون قرار دیا ہے جبکہ رواں برس دنیا میں سب سے زیادہ سراہی جانے والی خاتون کا اعزاز ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی نے حاصل کیا ہے۔
عالمی سروے میں شامل لوگوں کی رائے کے مطابق رواں برس دنیا کی دس مقبول ترین خواتین کا اعزاز پانے والی شخصیات میں سابق امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن، ملکہ برطانیہ کوئن الزیبیتھ دوئم، امریکی خاتون اول مشعل اوباما، ٹی وی سلیبرٹی اوپرا ونفرے، اداکارہ جولیا رابرٹس ،آنگ سانگ سوچی اور جرمن چانسلر آنگیلا مرخیل کا نام شامل ہے۔
لوگوں کی پسندیدہ ترین خواتین کے طور پر منتخب ہونے والی فہرست میں ٹی وی، فلم اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے نام بھی ہیں جن میں نوجوانوں کی پسندیدہ گلوکارہ ٹیلرسوئفٹ، گلوکارہ بیونسے، بھارتی سیاستدان سونیا گاندھی، اداکارہ جینیفر لارنس، برطانوی شہزادی کیتھرین مڈلٹن اور اداکارہ ایما واٹسن شامل ہیں۔
برطانوی ادارے 'یو گو' کے سال 2015 کے سروے میں دنیا کے 23 بڑے ملکوں سے 25,000 افراد نے حصہ لیا۔ آن لائن سروے دو سوالات پر مشتل تھا جس میں لوگوں سے پوچھا گیا تھا کہ کونسی شخصیات ایسی ہیں جسے وہ واقعی تعریف کے قابل سمجھتے ہیں؟ دوسرے سوال میں شرکاء سے ان کی سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیت کا نام پوچھا گیا تھا۔
سروے سے حاصل ہونے والے جوابات اس بات کا اظہار تھے دنیا میں لوگ سب سے زیادہ انسانیت کو سراہتے ہیں جس کی ایک عمدہ مثال تعلیمی مہم کی فعال کارکن 17 سالہ ملالہ یوسفزئی ہیں جنھیں یو گو کی جانب سےہر ملک کی دس مقبول ترین خواتین کی فہرست میں جگہ حاصل ہوئی ہے۔
پندرہ برس کی عمر میں لڑکیوں کے لیے تعلیمی مہم چلانے پر سوات میں شدت پسندوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والی ملالہ یوسفزئی کو ان کی جرات اور بہادری کی وجہ سے دنیا بھر میں پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
حالیہ سروے میں انھیں سویڈن، ناروے اور ہندوستانی عوام نے سب سے زیادہ قابل تعریف خاتون قراردیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ ملالہ یوسفزئی امریکہ، فرانس، جرمنی کے لوگوں میں دوسری مقبول ترین خاتون ہیں جبکہ انھیں برازیل، مصر، فن لینڈ، نائیجیریا کے لوگوں نے انھیں دس مقبول ترین خواتین کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب انسانیت کے کاموں کے فروغ کے حوالے سے انجیلینا جولی دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں انھوں نے اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں کے لیے خصوصی ایلچی کے طور پر پسماندہ ممالک میں انسانیت سے متعلق مسائل کو اجاگر کرتی رہی ہیں۔
عالمی سروے کے مطابق رواں برس دنیا کی مقبول ترین مرد کا اعزاز مائیکرو سوفٹ کےخالق بل گیٹس نےحاصل کیا ہے۔ جنھیں دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کے کاموں کےحوالے سے بے پناہ شہرت ملی ہے۔
رواں برس دنیا کے مقبول ترین مرد کا اعزاز حاصل کرنے والی شخصیات میں امریکی صدر براک اوباما دنیا کے دوسرے مقبول ترین مرد ہیں۔
دیگر دس مقبول ترین مردوں کی فہرست میں اداکار جیکی چن، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، پوپ فرانسس، سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ، فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم اور اداکار جارج کلونی کا نام شامل ہے۔