رسائی کے لنکس

ورلڈ ہاکی لیگ: پاکستان اور فرانس کا میچ دو، دو گول سے برابر


اولمپکس 2016 میں شریک ہونے کے لیے پاکستان کو ہاکی لیگ کا کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل جیتنا ضروری ہے۔

بلجیئم کے شہر انٹورپ میں کھیلے جانے والی ورلڈ ہاکی لیگ کے ایک میچ میں پاکستان اور فرانس کا مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا۔

اتوار کو کھیل کی ابتدا ہی سے دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کر کے سبقت لے جانے کی کوشش کی اور پہلے کوارٹر میں فرانس کے مارٹن بریسکس نے اپنی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلا دی۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے فرانس کی دفاعی لائن پر دباؤ ڈالا اور وقاص شریف نے گول کر کے میچ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔

تیسرے کوارٹر میں فرانس کے کھلاڑی میسون چارلس نے گول کرکے ایک مرتبہ پھر سے اپنی ٹیم کو برتری سے ہمکنار کر دیا لیکن کوارٹر کے اختتامی لمحات میں پاکستان کے محمد دلبر نے جوابی گول کر کے میچ دو، دو گول سے برابر کر دیا۔

چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر بھرپور حملے کیے مگر کسی کو بھی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہو سکی اور اس طرح یہ میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا تھا جب کہ آسٹریلیا سے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پولینڈ سے پاکستان نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل میں تیسری پوزیشن برقرار ہے جب کہ وہ کواٹر فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر چکا ہے۔

اولمپکس 2016 میں شریک ہونے کے لیے پاکستان کو ہاکی لیگ کا کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل جیتنا ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG