کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے شریک میزبان بنگلہ دیش کو 89 رنز سے شکست دے دی ہے۔
منگل کے روز ڈھاکہ کے شیرِ بنگال اسٹیڈیم میں ہونے والے پریکٹس میچ میں کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان نے نو وکٹوں کے نقصان پر 50 اوورز میں 285 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر اوپنر احمد شہزاد رہے جنہوں نے 122 بالوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز بنائے۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے سو بالوں پر سینچری اسکور کی جس میں آٹھ چوکے اور چار چھکے بھی شامل تھے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن اور روبیل حسین نے بالترتیب 49 اور 73 رنز دے کر تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
286 رنز کے ٹارگٹ کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 4ء41 اوورز میں 196 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بنگلہ دیش کے ٹاپ اسکورر امراءالقیس رہے جنہوں نے 39 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالرزاق نے 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
مبصرین پاکستان کی اس فتح کو ٹیم کے مورال کیلیے خاصا اہم قرار دے رہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ قومی ٹیم عالمی کپ میں فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
19 فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان گروپ-اے کا اپنا پہلا میچ کینیا کے خلاف 23 فروری کو سری لنکا کے شہر ہمبنتوتا میں کھیلے گا۔
دریں اثناء منگل کے روز کولمبو میں کھیلے گئے ایک دوسرے وارم اپ میچ میں ورلڈ کپ کے شریک میزبان سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔