اتوار کو جنوبی افریقہ میں اسپین اور نیدر لینڈ کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان کھیلنے جانے والے ورلڈ کپ فائنل کا فاتح اسپین ہوسکتاہے۔ یہ پیش گوئی جرمنی کے پال ڈی آکٹوپس نے کی ہے، جس کی اب تک ورلڈ کپ کی تمام پیش گوئیاں سوفی صد درست ثابت ہوچکی ہیں۔
پال جرمنی کے ایک ماہی خانے میں پالا جانے والا دو سالہ آکٹوپس ہے جو اپنی فٹ بال مقابلوں کی پیش گوئیوں کی بنا پر عالمگیر شہرت حاصل کرچکاہے۔
ورلڈ کپ فائنل کے بارے میں ، جو اسپن اور نیدر لینڈ کے درمیان اتوار کو کھیلاجائے گا، پیش گوئی کے لیے ماہی خانے میں پال ڈی آکٹوپس کے سامنے ، پلاسٹک کے دو شفاف ڈبوں میں، جن پر اسپین اور نیدر لینڈ کے جھنڈے بنے ہوئے تھے،اس کی پسندیدہ خوراک پیش کی گئی۔ پال نے اپنے لیے اسپین کے جھنڈے والے ڈبے کا انتخاب کیا، جو اسپین کے جیتنے کی پیش گوئی تھی۔
پال اس وقت دنیا بھر میں ایک ایسے نجومی کے طورپر اپنی مہارت کا لوہا منوا چکا ہے، جس کی پیش گوئیاں ، بالکل درست ثابت ہوتی ہیں۔
مغربی جرمنی کے اوبرہیسن سی لائف اکیوریم میں پرورش پانے والے اس نجومی آکٹوپس کی پیدائش برطانیہ کے ایک ماہی خانے میں ہوئی تھی اور بعدازاں اسے جرمنی منتقل کردیا گیاتھا۔
جمعے کے روز پال ڈی آکٹوپس سے دو پیش گوئیاں کرائی گئیں۔ ایک پیش گوئی اتوار کو کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل کی تھی ، جس کا فاتح پیش گوئی کے مطابق اسپین ہوگا ، جب کہ دوسری پیش گوئی تیسر ی پوزیشن کے لیے ہفتے کے روز تیسری پوزیشن کے لیے جرمنی اور یورا گوائے کے درمیان ہونے والے میچ کے بارے میں تھی۔ پال ڈی آکٹوپس نے اپنے فیصلہ جرمنی کے حق میں سنایا ہے۔
یقینناً اس پیش گوئی سے جرمنی کے ان شائقین کو بہت خوشی ہوئی ہوگی جو کواٹرفائنل میں اپنی ٹیم کی شکست پرغم زدہ ہیں۔