رسائی کے لنکس

پاکستان ہاکی ٹیم کو اسپانسر مل گیا، ورلڈ کپ میں شرکت یقینی


ایشین گیمز میں پاکستان بھارت ہاکی میچ کی ایک جھلک (فائل)
ایشین گیمز میں پاکستان بھارت ہاکی میچ کی ایک جھلک (فائل)

پشاور زلمے فرینچائز کے مالک جاوید آفریدی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ سپانسرشپ معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں جو 2020 تک جاری رہے گا

پاکستان ہاکی فیڈریشن ایک بڑی سپانسرشپ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے اور اب پاکستانی ہاکی ٹیم 28 نومبر سے بھارت کے شہر بھوبانیشور میں ہونے والے عالمی کپ ٹورنمنٹ میں شرکت کر سکے گی۔

قبل ازیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکٹری شہباز احمد سینئر نے کہا تھا کہ فیڈریشن شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اور اُس کیلئے عالمی کپ میں شرکت کی غرض سے ٹیم کو بھجوانے کیلئے مالی وسائل دستیاب نہیں ہیں۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ فیڈریشن نے حکومت سے فوری طور پر 80 لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، تاکہ ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کے ہوٹل اور سفر کے اخراجات پورے کئے جا سکیں۔

حکومت کی طرف سے وسائل فراہم نہ کرنے کے بعد اُنہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ہاکی فیڈریشن کو قرضہ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جس سے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے یہ کہہ کر معذرت کر لی تھی کہ ہاکی فیڈریشن نے گزشتہ قرضہ واپس نہیں کیا تھا جس کے باعث کرکٹ بورڈ نیا قرضہ فراہم کرنے سے قاصر ہے۔

شہباز سینئر نے کہا تھا کہ ان حالات میں پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی ہو گئی ہے۔ تاہم، اُنہوں نے تصدیق کی ہے کہ پشاور زلمے فرینچائز کے مالک جاوید آفریدی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ سپانسرشپ معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں جو 2020 تک جاری رہے گا۔ یوں پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت ممکن ہو گئی ہے۔

اس سپانسرشپ معاہدے میں سینئر اور جونئر ٹیموں کے تمام بین الاقوامی دورے اور اندرون ملک ٹورنامنٹ شامل ہوں گے۔ ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ اس سپانسرشپ سے فیڈریشن کیلئے اپنا کام جاری رکھنا ممکن ہو گیا ہے۔

شہباز احمد نے کہا کہ اب فیڈریشن کو کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے بھارتی ویزوں کا انتظار ہے اور ویزے موصول ہونے کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم بھارت روانہ ہو جائے گی۔

اگرچہ فیڈریشن نے سپانسرشپ کی کل رقم ظاہر نہیں کی ہے۔ تاہم، اخبار ’ڈان‘ کے مطابق، سپانسر کمپنی فیڈریشن کو براہ راست رقم فراہم کرنے کے بجائے تمام اخراجات خود براہ راست ادا کرے گی جن میں بیرونی دورے کے دوران سفر اور قیام کے اخراجات بھی شامل ہیں۔

ورلڈ کپ ہاکی ٹورنمنٹ بھوبانیشور، بھارت میں 28 نومبر سے 16 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ اس میں شرکت کیلئے پاکستانی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری ہے جس میں 26 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں سے 18 رکنی پاکستانی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG