رسائی کے لنکس

فٹبال ورلڈ کپ: ارجنٹینا اور جنوبی کوریا کی جیت، امریکہ اور انگلینڈ کا میچ برابر


عالمی کپ
عالمی کپ

فٹبال عالمی کپ 2010ء کے دوسرے روز کھیلے گئے تین میچوں میں امریکہ اور انگلینڈ کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا، جب کہ جنوبی کوریا نے یونان کو دو-صفر اور ارجنٹینا نے نائجیریا کو ایک-صفر سے شکست دیدی۔

رسٹن برگ میں کھیلے گئے گروپ ‘سی’ کے میچ میں انڈر ڈاگ یعنی ‘چھپا رستم’ خیال کی جانے والی امریکہ کی ٹیم کا مقابلہ انگلینڈ سے تھا جو ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔

انگلینڈ کے کپتان سٹیفن جیراڈ نے کھیل کے ابتدائی لمحات میں چوتھے ہی منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد امریکہ کی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور کئی مواقع پر گول کرنے کے قریب پہنچی مگر کامیاب نہ ہوسکی۔ البتہ، کھیل کے چالیسویں منٹ میں انگلینڈ کے گول کیپر رابرٹ گرین امریکی کھلاڑی ڈمپسی کی ایک آسان کِک کو روکنے میں ناکام ہوگئےاور گیند اُن کے ہاتھوں کو چھوتی ہوئی جال میں پہنچ گئی۔ اِس طرح میچ ایک ایک گول سے پہلے ہی ہاف میں برابر ہوگیا۔ دوسرے ہاف میں کوئی ٹیم گول سکور نہ کرسکی۔ امریکہ کے نائب صدر جوزف بائیڈن بھی میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود رہے۔

اس سے قبل، دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار میچ برازیل میں 1950ء کے ورلڈ کپ میں ہوا تھا جس میں امریکہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد، ایک صفر سے فتح حاصل کی تھی۔امریکہ کی کھیلوں کی تاریخ میں اس فتح کو ‘عظیم ترین اپ سیٹ ’خیال کیا جاتا ہے۔

اس سے پیشتر 2010ء کے ورلڈ کپ میں ہفتے کے روز کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی کوریا نے یونان کو دو-صفر سے ہرا دیا۔

گروپ ‘بی’ کا یہ ابتدائی میچ پورٹ الزبیتھ میں کھیلا گیا، جس میں لِی جونگ سو نے پہلا گول کھیل کے ساتویں منٹ میں ایک فری کِک پر کیا۔جنوبی کوریائی ٹیم کے کپتان نے کھیل کے باونویں منٹ میں انفرادی کوشش سے دوسرا گول کرکے جیت کو یقینی بنا دیا۔

دوسرے میچ میں، ارجنٹینا نے نائجیریا کو ایک گول سے شکست دیدی۔ میچ میں ہونے والا گول ارجنٹیناکے دفاعی کھلاڑی گیبریئل ہینز نے میچ کے چھٹے منٹ میں کیا۔

وقفے تک ارجنٹینا کو ایک گول سے سبقت حاصل رہی۔ تاہم کھیل کے دوسرے نصف میں نائیجیریا کی ٹیم کی جانب سے گول کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکی اور مجموعی طور پر ارجنٹینا کی ٹیم میدان میں حاوی نظر آئی۔ نائیجیریا وہ واحد افریقی ٹیم ہے جو دو مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

دوسری جانب ارجنٹینا کی ٹیم دو مرتبہ عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔

11جون کو پہلے دِن ہونے والے دونوں مقابلے برابر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG