کراچی: کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا عالمی مقابلہ 'ورلڈ کپ' کیلئے رواں ماہ سے شروع ہونےوالے مقابلوں نے جہاں دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو 'کرکٹ فیور' میں مبتلا کردیا ہے، وہیں پاکستان میں بھی کرکٹ دیوانوں کی کمی نہیں۔
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں بھی کرکٹ دیوانوں کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
اِن دِنوں، کراچی میں برنس روڈ کے مشہور فوڈ اسٹریٹ علاقے میں قائم چائے کے ہوٹل پر 'ورلڈ کپ' نامی چائے شائقین کرکٹ کی دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے۔
کراچی کے چائے کے ہوٹل کے مالک نے کرکٹ کے عالمی مقابلوں کے دوران، اپنے چائے کے ہوٹل کا نام ہی 'کیفے کوئٹہ ورلڈ کپ چائے' رکھ دیا ہے۔
برنس روڈ کے ’ورلڈ کپ چائے کیفے' ہوٹل پر فروخت ہونےوالی اس چائے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں مختلف اقسام کی چائے دودھ پتی کو پاکستان کے مشہور کرکٹ کھلاڑیوں کےنام جیسے بوم بوم دودھ پتی، ٹک ٹک چائے، لمبو قہوہ، خان چائے، شہزادہ اسپیشل، شاہ جی ملائی چائے، دئے گئے ہیں، جبکہ چاَئے کے ساتھ ساتھ فروخت ہونےوالے انڈہ پراٹھے کا نام بھی مشہور کرکٹ کھلاڑی عمر اکمل کے نام، یعنی ’چھوٹا اکمل انڈہ آملیٹ‘ رکھا گیا ہے۔
مختلف اقسام کی چائے کے نام پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں پر ہونے سے ورلڈ کپ کیفے ہوٹل کا چائے مینو کرکٹ دیوانوں کیلئے ایک نئی دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے۔ اب چائے کا آرڈر دیتے وقت ہوٹل پر آویزاں 'نیا کرکٹ مینو' بینر دیکھ کر دینا ہوگا۔
یہی نہیں، کراچی کے اس چائے کے ہوٹل کی سب سے خاص آفر یہ ہے کہ 'یہاں کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کے دوران 'گرین ٹی شرٹ' پہن کر آنےوالے گاہک کو ایک چائے خریدنے پر دوسری چائے بالکل 'مفت' دیجارہی ہے۔
کراچی کے اس ہوٹل پر چائے کا آرڈر پیش کرنےوالے عبدالمتین نے وائس اف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ ہوٹل پر چائے پینے کیلئے آنےوالے گاہک سب سے زیادہ ٹک ٹک چائے، بوم بوم دودھ پتی جو شاہد آفریدی کے نام پر اور شاہ جی ملاِئی چائے کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں، یہی ہوٹل کی مشہور چائے ہے۔
ہوٹل کے مالک نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ'کرکٹ ورلڈ کپ‘ جاری ہے اور ہم نے گاہکوں کی دلچسپی کیلئے اپنے ہوٹل کو کرکٹ کے کھلاڑیوں کی تصویروں سے سجایا ہے، تاکہ انھیں یہاں کرکٹ کا ماحول ملے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ کرکٹ کے کھلاڑیوں کی تصویروں کی سجاوٹ اور ورلڈ کپ کیفے کے نام سے کراچی کا یہ واحد ہوٹل ہے جسے کرکٹ شائقین کی دلچسپی کیلئے ترتیب دیا گیا ہے۔
ورلڈ کپ نامی چائے کا یہ عام سا ہوٹل شائقین کرکٹ کیلئے ایک خاص دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے، بلکہ اس سے چائے کے ہوٹل کا کاروبار بھی خوب چمک گیا ہے۔