رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ 2019 اب تک کا سب سے بڑا چیلنجنگ ٹورنامنٹ ہے، کوہلی


بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے رواں ماہ کی آخری تاریخوں میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2019 کو اب تک کا سب سے زیادہ چیلنجنگ ٹورنامنٹ قرار دے دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ اور بھارتی ٹیم کے چار افتتاحی میچز دونوں مشکل ہیں۔

دس ٹیموں نے ہر ٹیم کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلنا ہے یعنی ہر ٹیم کو 9 میچز کھیلنا ہوں گے۔ ان میں سے چار ٹاپ ٹیموں کو سیمی فائنل میں بھی ایک دوسرے سے لڑنا ہو گا۔

سیمی فائنل تک رسائی کے لیے چار ٹیموں کا ٹاپ پر آنا سخت ترین محنت اور بہترین پرفارمنس کے سبب ہی ممکن ہو سکے گا، چونکہ ہر ٹیم بہتر سے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرے گی۔ لہذا، ایسی صورت حال میں سب کے لیے یہ ایک بڑا اور سخت چیلنج ہو گا۔

گزشتہ روز انگلینڈ روانگی سے قبل انہوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیموں کی کارگردگی پر نظر ڈالیں تو سب بہترین فارم میں ہیں اور افغانستان کی ٹیم کو دیکھ کر تو کوئی بھی کہہ سکتا ہے کہ اس کی پوزیشن 2015 کے مقابلے میں کہیں زیادہ اچھی ہو گئی ہے۔ اس کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

کوہلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کو ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور پاکستان جیسی ٹیموں سے مقابلہ کرنا ہو گا۔ یہ چاروں میچز جیتنا اور ان ٹیموں کا مقابلہ کرنا آسان نہیں بلکہ چیلنجنگ ہو گا۔

بقول کوہلی، اچھی بات یہ ہے کہ ایک میچ کے بعد دوسرے میچ میں اچھا خاصا گیپ ہے۔ اس سے کھلاڑیوں پر دباؤ بھی نہیں آئے گا اور وہ تھکاوٹ کا شکار بھی نہیں ہوں گے۔

انہوں نے اپنی بات کو دوہراتے ہوئے کہا کہ بھارت کے لیے شروع کے چار میچز مشکل ہو سکتے ہیں۔ اس کے بعد کے میچز کی فکر نہیں۔ لیکن، ہم پھر بھی اطمینان سے نہیں بیٹھیں گے، کیونکہ یہ عالمی کپ ہے۔ ہمیں ہر آنے والے میچ کے لیے خود کو پہلے سے تیار کرنا ہو گا۔

دو سال پہلے بھارت کو انگلینڈ میں ہی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا تاہم اس کے بعد بھارت 50 اوور کا کوئی اور میچ نہیں ہارا۔

ایک سوال پر کوہلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ان کی تیاریوں میں کوئی فرق نہیں آئے گا، جس حکمت عملی کے تحت دوسری ٹیموں سے مقابلہ کریں گے اسی طرح پاکستان سے بھی مقابلہ کریں گے۔ اگر ہم نے ہر ٹیم پر انفرادی توجہ دی تو ہم جیت کے اپنے مشن سے ہٹ جائیں گے۔ ہمیں اپنے معیار پر توجہ دینا ہو گی۔

بھارت اپنا پہلا میچ 5 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا، جب کہ کرکٹ کے روایتی حریفوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG