رسائی کے لنکس

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم پر نیوزی لینڈ کو 0-2 کی برتری


نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی ویمنز ٹیم 7 وکٹوں پر 111 رنز بنا سکی۔

شارجہ میں آج جمعرات کے روز کھیلے گئے چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کو 39 رنز سے ہرا کر سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

نیوزی لینڈ کی کپتان بیٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اُنہوں نے ان فارم بیٹس وومن ڈیوائن کے ساتھ ملکر پہلی وکٹ کی شراکت میں 13.4 اوورز میں 116 رنز بنا ڈالے۔ ڈیوائن نے مسلسل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دھواں دھار اننگ کھیلی اور 44 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا ڈالے۔ کپتان بیٹس نے بھی ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی جارحانہ بیٹنگ برقرار نہ رکھ سکی اور اُس کی پانچ وکٹیں صرف چھ گیندوں پر گر گئیں۔ یوں نیوزی لینڈ کا اسکور 138 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے 20 اوور مکمل ہونے پر 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز رہا۔

پاکستان کی طرف سے جویریا خان اور سعدیہ یوسف نے دو دو اور نشرہ سندھو نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔

یوں پاکستانی ٹیم کو 151 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستانی ٹیم کی اوپنرز ناہیدہ خان اور سدرہ امین نے محتاط انداز میں آغاز کیا لیکن چھٹے اوور کی پہلی گیند پر سدرہ امین آؤٹ ہو گئیں۔ اُنہوں نے 19 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔ ناہیدہ خان بھی آٹھویں اوور میں آؤٹ ہو گئیں۔ اُنہوں نے 26 گیندوں پر 22 رنز کی اننگ کھیلی۔ اُن کے علاوہ عالیہ ریاض نے 23 ، کپتان بسمہ معروف نے 15 اور جویریا خان نے 11 رنز بنائے۔ یوں پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز ہی بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کی صوفی ڈیوائن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG