انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خواتین کرکٹ کی نئی ٹی20رینکنگ جاری کردی لیکن اس رینکنگ میں پاکستان کی کوئی بھی کھلاڑی کسی بھی شعبے میں ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بناسکی۔
بیٹنگ میں بسمہ معروف اور جویریہ خان مشترکہ طور پر پندرہویں، بالنگ میں نشرا سندھو گیارہویں، ندا ڈار تیرہویں، انم امین بیسویں اور ثنامیر بتیسویں نمبر پر ہیں جبکہ آل راؤنڈرز میں ندا ڈار بارہویں، ثناء میر سترہویں اور بسمہ معروف اکیسویں نمبر پر ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی بات کریں تو یہ ساتویں پوزیشن پر ہے۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھارتی اوپنر سمرتی مندھانا اور انگلیڈ کی ڈینیلی ویٹ عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
سمرتی مندھانا تین میچوں کی سیریزمیں72رنز بناکر تین درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آگئی ہیں جبکہ ڈینیلی ویٹ 123 رنز کی مدد سے دو درجے اوپر آکر اب 17 ویں پوزیشن پر ہیں۔
بولرز میں بھارت کی رادھا یادیو نے دو میچوں میں تین وکٹیں لے کر اپنی رینکنگ پانچ درجہ بہتر بنائی ہے، وہ اب پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
ٹیموں کی بات کی جائے تو انگلینڈ نے بھارت کو تین صفر سے شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کو پیچھے دھکیلتے ہوئے دوسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے، آسٹریلیا بدستور پہلے نمبر پر ہے۔
بیٹنگ
بیٹنگ میں نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی دیندرا ڈوٹین دوسرے، بھارت کی سمرتی مندھانا تیسرے، آسٹریلیا کی میگ لینن چوتھے، ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر پانچویں نمبر پر ہیں۔
بھارت کی جے روڈرگز چار درجے تنزلی کے بعد چھٹے، نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن ایک درجہ بہتری کے بعد ساتویں، آسٹریلیا کی بیتھ مونی ایک درجہ اوپر آکر آٹھویں، بھارت کی ہرمن پریت کور دودرجہ تنزلی کے بعد نویں اور آسٹریلیا کی ایلیسا ہیلے دسویں نمبر پر ہیں۔پاکستان کی بسمہ معروف اور جویریہ خان مشترکہ طور پر پندرہویں نمبر پر ہیں۔
بالرز
بالرز میں آسٹریلیا کی میگن شوٹ کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، بھارت کی پونم یادیو دوسرے، آسٹریلیا کی ایلیسا پیری تیسرے، نیوزی لینڈ کی کیسپریک دو درجے بہتری کے بعد چوتھے جبکہ بھارت کی رادھا یادیو پانچویں نمبر پر ہیں۔
جنوبی افریقا کی شبنم اسماعیل چھٹے، انگلینڈ کی شرب سول ساتویں، آسٹریلیا کی ڈی کمینس آٹھویں، نیوزی لینڈ کی ایمیلی کر نویں اور انگلینڈ کی ایکسلیسٹون سات درجہ نیچے آکر اب دسویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کی نشرا سندھو گیارہویں، ندا ڈار تیرہویں، انم امین بیسویں اور ثنامیر بتیسویں نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ویسٹ انڈیز کی دیندرا ڈوٹن پہلے، ویسٹ انڈیز ہی کی اسٹیفنی ٹیلر دوسرے، جنوبی افریقا کی ڈی وین نائیکرک تیسرے، نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن چوتھے اور آسٹریلیا کی ایلیسا پیری پانچویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کی ندا ڈار بارہویں، ثناء میر سترہویں اور بسمہ معروف اکیسویں نمبر پر ہیں۔
ٹیموں کی رینکنگ
آسٹریلیا بدستور پہلے، انگلینڈ دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، ویسٹ انڈیز چوتھے، بھارت پانچویں ، جنوبی افریقا چھٹے، پاکستان ساتویں ، سری لنکا آٹھویں، بنگلا دیش نویں اور آئرلینڈ دسویں نمبر پر ہے۔