رسائی کے لنکس

ہو سکتا ہے دنیا کی 10 فی صد آبادی کرونا سے متاثر ہو چکی ہو: ڈبلیو ایچ او


'ڈبلیو ایچ او' کے ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیک رائن (فائل فوٹو)
'ڈبلیو ایچ او' کے ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیک رائن (فائل فوٹو)

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اب تک دنیا کی 10 فی صد آبادی کرونا وائرس سے متاثر ہو چکی ہو۔

'ڈبلیو ایچ او' کے ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیک رائن نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ ایجنسی کے اندازے کے مطابق اس وقت تک دنیا میں 76 کروڑ افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

اُن کے بقول یہ تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے 20 گنا زیادہ ہے۔ لیکن اس کا مطلب ہے کہ اب بھی دنیا کے 90 فی صد افراد کرونا سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

جنیوا میں ادارے کے 34 رکنی ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مائیک رائن نے کہا کہ ہر ملک میں متاثر ہونے والوں کی شرح مختلف ہے مگر دنیا بھر میں آبادی کی ایک بڑی اکثریت اب بھی خطرے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم ایک مشکل صورتِ حال کی جانب بڑھ رہے ہیں۔"

امریکہ کی جانز ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد پیر کو ساڑھے تین کروڑ سے بڑھ گئی ہے جب کہ کرونا وائرس کی وجہ سے مرنے والے افراد کی تعداد پہلے ہی 10 لاکھ کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔

حالیہ دنوں میں یورپ میں کرونا کی وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پیر کو سامنے آنے والے نئے کیسز کے بعد جرمنی میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد تین لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں یہ تعداد پانچ لاکھ جب کہ اسپین میں اب تک آٹھ لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

امریکہ کی دو تہائی ریاستوں میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن میں مغربی اور وسط مغربی ریاستیں شامل ہیں۔ جانز ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق امریکہ میں اب تک 74 لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ دو لاکھ سے زائد افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG