رسائی کے لنکس

واٹس ایپ پر بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز 'غائب' کرنا جلد ممکن


تصاویر اور ویڈیوز غائب ہونے والے فیچر کا تصور پہلے سوشل میڈیا ایپ 'اسنیپ چیٹ' کی جانب سے دیا گیا تھا۔
تصاویر اور ویڈیوز غائب ہونے والے فیچر کا تصور پہلے سوشل میڈیا ایپ 'اسنیپ چیٹ' کی جانب سے دیا گیا تھا۔

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن 'واٹس ایپ' کے صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کے بعد انہیں غائب کرنا ممکن ہو سکے گا۔

سماجی رابطوں کے بڑے پلیٹ فارم فیس بک نے منگل کو اپنی زیرِ ملکیت 'واٹس ایپ' میں تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کے بعد غائب ہونے کے نئے فیچر کا اعلان کیا ہے۔

پیغامات میں تصاویر اور ویڈیوز کے غائب ہونے کے فیچر کا تصور اس سے قبل سوشل میڈیا ایپ 'اسنیپ چیٹ' کی جانب سے دیا گیا تھا۔

اسنیپ چیٹ پر بات چیت کرنے والوں کی چیٹ اس وقت غائب ہو جاتی ہے جب پیغام موصول کرلینے والا اسے پڑھ یا دیکھ لیتا ہے۔ اس ایپ میں چیٹ پر بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز بھی پیغامات کی طرح دیکھنے کے فوراً بعد غائب ہو جاتی ہیں۔

اب فیس بک کی جانب سے اسنیپ چیٹ کی طرح کے ہی فیچر کو واٹس ایپ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

فیس بک کی جانب سے جاری بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ 'اپنے فون میں تصاویر اور ویڈیوز بنانا ہم سب کی زندگیوں کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے لیکن یہ ضروری نہیں ہوتا کہ ہم جو کچھ شیئر کر رہے ہوں اسے ڈیجیٹل ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔'

بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ یہی وجہ ہے کہ آج ہم 'ویو ونس' فوٹوز اینڈ ویڈیوز کا فیچر واٹس ایپ میں شامل کرنے کا اعلان کر رہے ہیں جس کے تحت صارفین کو ان کی رازداری پر مزید کنٹرول دیا جائے گا۔

واٹس ایپ کے اس نئے فیچر سے صارف جب کسی کو بھی کوئی تصویر یا ویڈیو بھیجنے سے قبل 'ویو ونس فیچر' کے آئیکن پر کلک کر کے اسے بھیجے گا تو وصول کرنے والے کے پیغام میں بھیجی گئی تصویر یا ویڈیو دیکھتے ہی یہ غائب ہوجائیں گی۔

سوشل میڈیا کے ذریعے ذہنی امراض کی نشان دہی
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:21 0:00

فیس بک کے مطابق 'ویو ونس میڈیا' فیچر کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رکھا گیا ہے جس کا یہ مطلب ہے کہ واٹس ایپ اس میڈیا کو نہیں دیکھ سکتا۔

جب کوئی بھی صارفین موصول ہونے والی تصویر یا ویڈیو کو دیکھ لے گا تو وہ پیغام ’اوپنڈ‘ کے طور پر نظر آئے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ اس پیغام کو کھول لیا گیا ہے۔

یہ فیچر واٹس ایپ میں شامل کرنے کے حوالے سے فیس بک نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا ہے کہ اس فیچر کو رواں ہفتے تمام صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فیس بک نے نومبر 2020 میں 'ڈس اپیئرنگ میسج' فیچر کا اعلان کیا تھا۔ اگر صارف اس فیچر کو اپنے واٹس ایپ پر ان ایبل کرتے ہیں تو اس کے تحت چیٹ پر بھیجے جانے والے پیغامات سات دن بعد غائب ہو جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG