رسائی کے لنکس

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی منظوری دے دی ہے


آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔آئی ایم ایف فوری طور پر ایک ارب بیس کروڑ ڈالر ریلیز کرے گا اور باقی رقم دو سہ ماہیوں میں نظر ثانی کے بعد جاری کی جائے گی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نو مہینوں پر محیط اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں اقتصادی استحکام کو فروغ دینا ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا ہے پاکستان کے لیے یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشکل بیرونی ماحول، تباہ کن سیلاب اور پالیسیوں میں نقائص کی وجہ سے پاکستان کا مالیاتی اور بیرونی خسارہ اور مہنگائی بڑھی ہے اور مالی سال 2022/23 میں مالیاتی ذخائر کم ہوئے ہیں۔

آئی ایم ایف کے اس فیصلے سے پہلے، پاکستان کو، دوست ممالک سے وعدہ شدہ فنڈز بھی ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ آج متحدہ عرب امارات کی طرف سےایک ارب ڈالر جب کہ کل سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں دو ارب ڈالر ڈیپازٹ کیے تھے

خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو بیرونی فنانسنگ کے خلا کو پُر کرنے کے لیے چھ ارب ڈالر کی رقم اکھٹی کرنے کو کہا تھا۔

اس سے قبل سعودی عرب سے ڈیپازٹ ملنے پرسرکاری ٹی وی پر اپنے ویڈیو بیان میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس ڈیپازٹ سے پاکستان کو اپنے زرِمبادلہ کے ذخائر کو 11 ارب ڈالر سے زائد کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی معیشت اب مستحکم ہونے کے "بہت قریب" ہے جس کے بعد ترقی کا سفر شروع ہوسکے گا۔ ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ڈپازٹس دینے پر سعودی لیڈر شپ کے ساتھ اپنے آرمی چیف کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز بھی تیزی دیکھی گئی جب مارکیٹ انڈیکس میں 359 پوائنٹس کا بڑا اضافہ دیکھا گیا اور جب اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار اختتام ہوا تو مارکیٹ 15 ماہ کی بلند ترین سطح پر موجود تھی۔

حصص بازار میں آج 45 کروڑ 2 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، ان شیئرز کی مالیت 13 ارب 13 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

اسی طرح انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا اور کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر 1 روپے 17 پیسے سستا ہونے کے بعد 277 روپے 40 پیسے کا ہو گیا۔

گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 278 روپے 57 پیسے پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے سستا ہونے کے بعد 280 روپے کا ہو گیا۔

گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 282 روپے کا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے نمائندوں نے بورڈ میٹنگ سے قبل پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے گزشتہ ہفتے کے آخر میں جو ملاقاتیں کی ہیں ان پر بعض حلقوں کی جانب سے شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے اور اسے غیر معمولی اور ملکی سیاسی معاملات میں مداخلت قرار دیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG