آئرلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دو مرتبہ کی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو کوالیفائنگ مرحلے میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا ہے۔
جمعے کو آسٹریلیا کے بیلرو اوول گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پہنچنے کے لیے فیصلہ کن میچ کھیلا گیا۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان ننکولس پوران نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو مقررہ 20 اوورز میں ان کی ٹیم پانچ وکٹوں پر 146 رنز بنا سکی۔ پال اسٹرلنگ کی جارحانہ بیٹںگ کی بدولت آئر لینڈ نے ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 18ویں اوور میں باآسانی حاصل کر لیا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلے والی ٹیموں کے گروپ 'بی' میں شامل تھیں۔ اس گروپ میں شامل اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے میں سے کوئی ایک ٹیم سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائے کرے گی۔ اس سے قبل گروپ اے میں شامل سری لنکا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔
جمعے کو کھیلے گئے میچ میں آئر لینڈ کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو 73 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔پال اسٹرلنگ اور کپتان اینڈی بیلبرنی نے ویسٹ انڈیز بالرز کے خلاف شروع سے جارحانہ انداز اپنایا۔
آٹھویں اوور میں آئرلینڈ کا اسکور 73 تک پہنچا تو بیلبرنی 23 گیندوں پر 37 رنز بنا کر اکیل حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان کے آؤٹ ہو جانے کے بعد آئرلینڈ کے بلے بازوں نے رن ریٹ کو اسی طرح برقرار رکھا اور اسکور کو آگے بڑھاتے چلے گئے۔
پال اسٹرلنگ نے بارہویں اوور کی چوتھی گیند پر چوکا لگا کر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔
اسٹرلنگ نے 48 گیندوں پر 66 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جب کہ وکٹ کیپر بلے باز 35 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔