رسائی کے لنکس

امریکہ میں شدیدبرف باری اور سردی،کم از کم 45 ہلاکتیں


نیویارک کے اسٹیڈیم میں برف ہٹانے والا ایک کارکن۔ 14 جنوری 2024
نیویارک کے اسٹیڈیم میں برف ہٹانے والا ایک کارکن۔ 14 جنوری 2024

امریکہ کی زیادہ تر ریاستیں مسلسل دو ہفتوں سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور کئی علاقوں میں برفانی طوفانوں نے سڑکوں پر آمدو رفت انتہائی مشکل اور خطرناک ہو گئی ہے۔ ریاست اوریگان سے لے کر ٹینییسی تک شدید سردی درجنوں لوگوں کی جانیں لے چکی ہے۔

خبروں کے مطابق شدید برف باری کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے اور موسم کی خرابی کے باعث اسے بحال کرنے میں ہفتوں لگ سکتے ہیں۔ ڈکوٹا میں درجہ حرارت منفی 70 تک گر گیا۔

دو ہفتوں سے جاری اس برفانی طوفان میں کم ازکم 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برف باری، بارش، تیز یخ ہواؤں اور آمد و رفت میں مشکلات کے باعث زیادہ تر علاقوں میں اسکول اور سرکاری دفاتر بند ہیں، جب کہ ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

برفباری میں وقفے کے دوران ایک جوڑا اس منظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرر ہا ہے۔ 18 جنوری 2024
برفباری میں وقفے کے دوران ایک جوڑا اس منظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرر ہا ہے۔ 18 جنوری 2024

موسمیات کے ادارے کی اس پیش گوئی سے لوگوں میں کچھ امید جاگی ہے کہ نئے ہفتے سے موسم نسبتاً بہتر ہو گا اور ملک کے زیادہ تر حصوں میں درجہ حرارت صفر سے بلند رہے گا۔

جمعے کے روز دارالحکومت واشنگٹن اور ملک کے مالیاتی مرکز نیویارک میں مسلسل برف پڑتی رہی ہے اور زیادہ تر علاقوں میں جہاں کئی دن پہلے سے برف گر رہی ہے، تازہ برف باری نے برف کے پہاڑ کھڑے کر دیے ہیں جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پڑ رہا ہے۔

ریاست نیوجرسی کے شہر پیٹرسن میں برفباری نے ونڈرلینڈ بنا دیا ہے۔ 18 جنوری 2024
ریاست نیوجرسی کے شہر پیٹرسن میں برفباری نے ونڈرلینڈ بنا دیا ہے۔ 18 جنوری 2024

مغربی ساحلی علاقے کی ریاست اوریگان کے گورنر نے ایک ہفتے سے جاری برفانی طوفان سے صورت حال خراب ہونے کے باعث ایمرجینسی نافذ کر دی ہے۔

ریاست کے کئی شہروں میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے اور شدید سردی میں ایک لاکھ سے زیادہ آبادی بجلی سے محروم ہے۔

پورٹ لینڈ کے سرکاری اسکول سڑکوں کی خراب صورت حال اور برفانی طوفان سے عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث کئی روز سے بند ہیں۔

ریاست ٹینیسی میں برف باری اور منجمد بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ ریاست کے اہم شہر نیش ول میں اب تک 9 انچ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے جو سالانہ اوسط کے ودگنا سے زیادہ ہے۔

فلاڈیلفیا میں سڑکوں پر برف پگھلانے کے لیے کیمیکل چھڑکنے کی تیاری۔ ٹرک میں کیمیکل لادا جا رہا ہے۔ 19 جنوری 2024
فلاڈیلفیا میں سڑکوں پر برف پگھلانے کے لیے کیمیکل چھڑکنے کی تیاری۔ ٹرک میں کیمیکل لادا جا رہا ہے۔ 19 جنوری 2024

ٹینیسی کے حکام نے بتایا ہے کہ شدید برفانی موسم اب تک 14 جانیں لے چکا ہے۔ جب کہ ریاست واشنگٹن میں سردی سے پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جن میں زیادہ تر بے گھر تھے۔ ریاست کے مرکزی شہر سیاٹل میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بہت نیچے ہے۔

جمعے کو سردی کی ایک اور لہر کینیڈا سے امریکہ کی وسط مغربی ریاستوں میں داخل ہوئی جس سے اکثر علاقوں میں درجہ حرارت صفر سے 30 درجے سینٹی گریڈ نیچے تک گر گیا۔ موسمیات کے ادارے کا کہنا ہے کہ برفانی صورت حال اتوار تک برقرار رہ سکتی ہے۔

ریاست نیویارک کے شہر بفلو میں ایک شخص اپنی گاڑی نکالنے کے لیے اس پر جمی برف ہٹا رہا ہے۔ 17 جنوری 2024
ریاست نیویارک کے شہر بفلو میں ایک شخص اپنی گاڑی نکالنے کے لیے اس پر جمی برف ہٹا رہا ہے۔ 17 جنوری 2024

ریاست نارتھ ڈکوٹا میں، جہاں آئل فیلڈ واقع ہیں، درجہ حرارت صفر سے 70 درجے فارن ہائیٹ نیچے تک گر گیا ہے جس سے تیل نکالنے کے کام میں خلل پڑا ہے۔

ریاست نیویارک کے نیاگرا آبشار کے قریب واقع شہر بفلو کے حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ پانچ روز سے برف پڑ رہی ہے اور وہ پانچ فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ شہر اور مضافاتی علاقوں سے برف نکال کر قریبی جھیل میں ڈالی جا رہی ہے، لیکن اب اس میں بھی گنجائش باقی نہیں رہی۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے)

فورم

XS
SM
MD
LG