رسائی کے لنکس

پاکستان میں ایک ہفتے جاری رہنے والا بارشوں کا سلسلہ تھم گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں کا سلسلہ اب تھم گیا ہے۔ اس عرصے کے دوران بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات و واقعات میں 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ بیشتر حادثات خیبر پختونخوا کے شمالی ہزارہ ڈویژن میں پیش آئے۔

ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پہاڑی تودے گرنے اور برساتی نالوں میں طغیانی سے سڑکوں پر آمد و رفت کا نظام متاثر ہوا جب کہ فصلوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات کے مطابق کراچی اور لاہور میں ہونے والی بارشوں کے باعث دونوں بڑے شہروں کے نشیبی علاقے زیرِ آب آئے جہاں نظامِ زندگی بری طرح متاثر رہا۔

خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے 'پی ڈی ایم اے' کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے ضلع طورغر کے علاقے جھٹکا میں تیز بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوئے جب کہ دو گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

پشاور سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے اس واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو کے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی کاروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ایبٹ آباد

ہزارہ ڈویژن کے مرکزی انتظامی اور سیاحتی شہر ایبٹ آباد کے علاقے کاکول کے قریب گاؤں پائیجو میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکان کی چھت گر گئی۔
ریسکیو 1122 کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس واقع میں ایک ہی خاندان کے سات افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دبے افراد میں سے میاں بیوی اور دو بچوں کو زخمی حالت میں نکالا گیا جب کہ تین افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔

پنجاب کے محکمۂ موسمیات کے جاری کردہ بیان کے مطابق نو سے گیارہ ستمبر تک تین روز کے دوران سب سے زیادہ بارش لاہور میں 329 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

لاہور کے واسا کے جاری کردہ بیان کے مطابق شہر کے لکشمی چوک میں سب تک سب سے زیادہ 121 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر علاقوں فرخ آباد میں 102 ملی میٹر، جیل روڈ 95 ملی میٹر، اندرون شہر پانی والا تالاب 107 ملی میٹر، گلشن راوی 100 ملی میٹر، سمن آباد 91 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن 79 ملی میٹر، تاج پورہ 66 ملی میٹر اور جوہر ٹاؤن میں 60 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔

کراچی

کراچی میں مون سون کے تیسرے مرحلے کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 64 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ نارتھ کراچی 58.1، گلشن معمار 42.3، اورنگی ٹاؤن میں 39، ناظم آباد 33.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

XS
SM
MD
LG