رسائی کے لنکس

میامی سانحہ: صدر بائیڈن کا ہر ممکن مدد کا وعدہ


صدر بائیڈن میامی میں گرنے والی کثیر منزلہ رہائشی عمارت میں فوری طور پر مدد کے لیے پہنچنے والے کارکنوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ یکم جولائی 2021
صدر بائیڈن میامی میں گرنے والی کثیر منزلہ رہائشی عمارت میں فوری طور پر مدد کے لیے پہنچنے والے کارکنوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ یکم جولائی 2021

صدر جو بائیڈن جمعرات کے روز ریاست فلوریڈا کے شہر میامی پہنچے، جہاں انہوں نے ساحلِ سمندر کے قریب منہدم ہونے والی ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت کے ملبے میں دبے لاپتا افراد کی تلاش کی کوششوں اور تعمیر نو کے لیے وفاقی مدد کی پیش کش کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

بائیڈن کے آنے سے پہلے ریسکیو مشن کو کام سے روک دیا گیا تھا، کیونکہ باقی ماندہ عمارت کے گرنے کا خدشہ ابھی موجود ہے۔

بائیڈن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وفاقی حکومت تلاش اور صفائی کے تمام اخراجات کا بوجھ اٹھانے کا اختیار رکھتی ہے۔ انہوں نے مقامی عہدیداروں سے کہا کہ وہ مدد کے لئے واشنگٹن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

بائیڈن کو اس حادثے کے بارے میں، جس کی اس سے قبل کوئی مثال موجود نہیں ہے، بریفنگ دی گئی جس میں فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس اور میامی ڈیڈ کاؤنٹی کی میئر ڈینیلا لیون کاوا بھی موجود تھیں۔

صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جمعرات کی صبح وائٹ ہاؤس سے رخصت ہونے کے بعد ائیر فورس ون کے ذریعے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تھے۔

صدر بائیڈن فلوریڈا کے فائر چیف جمی پیٹرونکس سے مصافحہ کر رہے ہیں۔ یکم جولائی 2021
صدر بائیڈن فلوریڈا کے فائر چیف جمی پیٹرونکس سے مصافحہ کر رہے ہیں۔ یکم جولائی 2021

مقامی عہدے داروں نے بتایا ہے کہ بدھ کو ملبے سے مزید دو افراد کی باقیات ملنے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہو گئی ہے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے کہا تھا کہ صدر اور خاتون اول ملبے میں دب جانے والے افراد کے عزیزوں سے ملاقات کریں گی جنہیں یہ المناک سانحہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ وہ سانحہ کے فوری بعد مدد کے لیے موقع پر پہنچنے والوں اور ریسکیو ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کریں گے۔

جین ساکی نے بدھ کے روز بریفنگ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سانحے کے مقام پر ابھی بھی تلاش اور زندگیاں بچانے کی کوششیں جاری ہیں، اور ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

میامی ڈیڈ کاؤنٹی کی میئر ڈینیلا لیون کاوا نے بدھ کی شام اپنی ٹوئٹس میں بتایا 145 افراد ابھی تک لاپتا ہیں۔

صدر بائیڈن فلوریڈا کے گورنر، میامی ڈیڈ کاؤنٹی کی میئر اور دوسرے عہدے داروں کے ساتھ بریفنگ میں شریک ہیں۔ یکم جولائی 2021
صدر بائیڈن فلوریڈا کے گورنر، میامی ڈیڈ کاؤنٹی کی میئر اور دوسرے عہدے داروں کے ساتھ بریفنگ میں شریک ہیں۔ یکم جولائی 2021

ان کا کہنا تھا کہ ہم، ہماری قوم ،اور دنیا ان خاندانوں کے غم میں شریک ہے جنہیں ہم کھو چکے ہیں۔ ہم ان تمام خاندانوں کے لئے دعا گو ہیں۔

فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے کہا کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے جاری آپریشن، سمندری طوفانوں سے نمٹنے کی کارروائیوں کے بعد ریاست کی تاریخ کا سب سے بڑا امدادی آپریشن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنہیں ہم کھو چکے ہیں، ہم میں سے کوئی بھی انہیں کبھی نہیں بھلا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے افراد کی مدد کے لئے ذہنی صحت کے وسائل مہیا کیے جا رہے ہیں۔

گرنے والی عمارت میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
گرنے والی عمارت میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

میامی ڈیڈ کاؤنٹی کے فائر چیف ایلن کومنسکی نے دن رات مسلسل جاری امدادی کوششوں کے بارے میں بتایا کہ یہ آپریشن بہت خطرناک نوعیت کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان افراد کو ڈھونڈ رہے ہیں جو ممکن ہے کہ ملبے کے نیچے ابھی تک زندہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تلاش اور زندگیاں بچانے کا مشن ہے۔

کومنسکی نے کہا کہ ریسکو ٹیمیں ڈھونڈنے میں مدد دینے والے کتے اورجدید سائنسی آلات استعمال کر رہی ہیں۔

24 جون کو اس 12 منزلہ اپارٹمنٹ بلڈنگ کے تقریبا نصف، 136 یونٹ آن کی آن میں زمین بوس ہو گئے تھے۔

فلوریڈا کے ایمرجنسی کی صورت حال سے نمنٹے والے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ اگلے ہفتے ایک سمندری طوفان کا ممکنہ خطرہ موجود ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر ہم عمارت گرنے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے رہنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

12 منزلہ ریائشی عمارت کا نصف حصہ اچانک زمین بوس گیا جس سے 160 کے لگ بھگ افراد ملبے میں دب گئے۔
12 منزلہ ریائشی عمارت کا نصف حصہ اچانک زمین بوس گیا جس سے 160 کے لگ بھگ افراد ملبے میں دب گئے۔

اس تباہی کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ 2018 کی ایک انجینئرنگ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کے پارکنگ گیراج کے ڈھانچے، اور عمارت کے تالاب کے نیچے کنکریٹ کی ایک سلیب کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔

عمارت گرنے سے قبل اس کی مرمت کی تیاری ہو رہی تھی جس پر لاکھوں ڈالر اخراجات کا تخمینہ تھا۔

XS
SM
MD
LG