رسائی کے لنکس

امریکہ میں پابندیاں نرم ہونے پر زندگی معمول کی طرف رواں، مگر آہستہ اور محتاط


امریکہ کی بہت سی ریاستوں میں کاروبار زندگی معمول کی طرف لوٹ رہا ہے۔ بہت سی ریاستوں میں کاروبار کھل رہے ہیں، ہر چند کہ کرونا وائرس کا زور کہیں کم ہے اور کہیں زیادہ رہا ہے۔ اور اسی لیے امریکی محتاط اندز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

جب امریکہ میں کرونا وائر س کا زور شروع ہوا تو لوگ اپنے گھروں میں بند ہوگئے، دفتر، دکانیں کاروبار اور کمپنیاں بند ہوگئیں۔ ان حالات میں، سڑکوں پر ٹریفک بھی کم ہو گیا۔ لیکن، اب پچھلے ہفتے سے، بہت سی ریاستوں میں کاروبار اور دفتر کھل رہے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی، اے پی نے سٹریٹ لائٹ ڈیٹا کارپوریشن کے اعداد و شمار سے استفادہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آٹھ مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے سات دنوں میں ٹریفک میں ساٹھ فی صد اضافہ ہوا ہے۔ یہ موازنہ اس وقت سے کیا گیا ہے جب امریکہ میں کرونا بحران شروع ہوا۔ مگر اب بھی ٹریفک اتنی نہیں بڑھی جتنی کہ معمول کے دنوں میں ہوا کرتی تھی۔ جنوری 2020ء کے مقابلے میں یہ انچاس فی صد کم ہے۔ یہ سوفٹ ویر کمپنی مختلف ذرائع سے امریکہ کی سڑکوں پر ٹریفک کے دباو کا مطالعہ کرتی ہے۔

امریکی ریاست مینی سوٹا میں مارچ میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا گیا تھا۔ بارہ اپریل کو ٹرانسپورٹ کے محکمے نے ایک سروے کیا، جس کے مطابق، جڑواں شہروں کی ٹریفک میں اکہتر فی صد کمی آئی؛ جب کہ پورے صوبے میں چھیاسٹھ فی صد کمی واقع ہوئی۔ اس کے بعد ٹریفک میں تھوڑا بہت فرق پڑا۔

اخبار مینیاپولس سٹار کے نامہ نگار ٹم ہارلو کہتے ہیں کہ پچھلے ہفتے انہوں نے دیکھا کہ ٹریفک کی روانی بڑھ گئی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے محکمے کے مطابق، ٹریفک نو مئی کو پچھلے سال کی اسی تاریخ کے مقابلے میں شہر میں 45 فی صد کم رہی، جبکہ بین الصوبائی طور پر تیس فی صد کم تھی۔

نامہ نگار ہارلو کا کہنا ہے کہ پابندیوں کی نرمی کا اثر پڑا ہے اور لوگ گھروں سے باہر نکلنا شروع ہو گئے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ''ہم امریکی گھروں میں قید رہنا پسند نہیں کرتے''۔

سٹریٹ لائٹ دیٹا کی چیف ایکزیکٹیو لارا شیویل کہتی ہیں کہ امریکہ کی مختلف ریاستوں اور شہروں کا مزاج جدا جدا ہے۔ شہری علاقوں کے مقابلے میں دیہی علاقوں کے حالات اور ضرورتیں مختلف ہیں۔ پھر موسم کا بھی اثر پڑتا ہے۔ ایسے علاقوں کے لوگ جلدی اور زیادہ گھروں سے باہر نکلے جہاں سودا سلف ان کے گھروں تک نہیں پہنچ پاتا تھا۔

شیویل نے کہا کہ مشی گن، منی سوٹا اور مونٹانا کے مقابلے میں ورجینیا، میری لینڈ، نیو میکسکو اور ایری زونا کی ٹریفک مختلف انداز سے کم یا زیادہ رہی ہے۔ بقول ان کے، ''جہاں کرونا کا زور زیادہ تھا، وہاں پر اچانک ٹریفک کا زور بڑھا ہے''۔

ایک اور ماہر نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ زیادہ گاڑیاں سڑک پر آ رہی ہیں۔ حالیہ ہفتوں کے دوران خاصی تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔

بہرحال، یہ تبدیلی بتدریج ہے اور عمومی طور امریکی محتاط ہیں۔ وہ اس وبا کی سنگینی سے آگاہ ہیں۔ مگر اس کے ساتھ معمول کی زندگی گزارنے کی خواہش بھی فطری بات ہے۔

XS
SM
MD
LG