رسائی کے لنکس

اچھی تصویروں کے لیے پوز کیسے بنائیں؟ ویتنام میں منفرد کورس متعارف


انسٹرکٹر فیم کیو لی خواتین کو تصاویر کے لیے پوز دینا سکھا رہی ہیں۔
انسٹرکٹر فیم کیو لی خواتین کو تصاویر کے لیے پوز دینا سکھا رہی ہیں۔

نئے دور کے بھی نئے اور منفرد مسائل ہیں۔ جیسے کہ کبھی آپ نے سیلفی تو لی ہوگی۔ اپنی تصویر کھینچتے یا کھنچواتے ہوئے یہ بھی سوچا ہوگا کہ تصویر کے لیے کیسا پوز دیا جائے؟ مسکراہٹ کیسی ہو؟ چہرے کے تاثرات کیسے ہوں؟ ہاتھ کہاں رکھیں؟ چہرہ کس سمت میں ہو؟

اکثر لوگ تصویر کھنچواتے ہوئے یہ سوال اس لیے ذہن میں لاتے ہیں کیوں کہ وہ دوسروں سے منفرد اور خوب صورت دکھنا چاہتے ہیں۔ مشہور شخصیات کی تصویریں کھینچتے ہوئے تو فوٹوگرافرز پوز بنوا دیتے ہیں۔ لیکن وہ سوشل میڈیا صارفین کیا کریں کہ جو خوب صورت اور منفرد پوز میں اچھی تصویر لینا چاہتے ہیں لیکن انہیں پوز بنانا نہیں آتا۔

شاید اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ویتنام کی ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر نے ایک منفرد کورس متعارف کرایا ہے جس میں وہ لوگوں کو تصاویر کے لیے پوز دینا سکھا رہی ہیں۔

اور ویتنام کے نوجوان سوشل میڈیا صارفین باقاعدہ کورس کر رہے ہیں کہ خوب صورت تصویر کے لیے کیسے پوز بنایا جائے۔ ویتنام میں، جہاں 70 فی صد کے قریب آبادی کی عمر 35 سال سے کم ہے، یہ کورس زیادہ تر نوجوان خواتین میں مقبول ہے۔

کورس کرانے والی انسٹرکٹر فیم کیو لی ہیں جن کے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر لاکھوں فالوورز ہیں۔ ان سے خواتین اکثر پوچھا کرتی تھیں کہ وہ تصاویر کے لیے پوز کیسے بناتی ہیں؟ تو فیم لی نے ہنوئی میں 130 ڈالر کا یہ کورس متعارف کرا دیا۔

لی نے 'اے ایف پی' سے گفتگو کے دوران کہا کہ انہوں نے اپنی کلاس میں ایسی بھی خواتین دیکھی ہیں جو یہ کورس اس لیے کرنا چاہتی ہیں کہ اچھی تصویریں لے کر اپنے کام میں استعمال کر سکیں جب کہ بعض خواتین پراعتمادی کے لیے بھی یہ کورس کر رہی ہیں۔

یہ کورس ڈیڑھ دن پر مشتمل ہے۔ ستمبر 2020 میں جب سے لی نے اس کورس کی پہلی کلاس لی ہے، ان کے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اب تک 500 کے قریب افراد کورس کر چکے ہیں جو مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھتے تھے۔

29 سالہ گوین تھی لون بھی کورس کرنے والوں میں شامل ہیں۔ وہ ایک انشورنس کمپنی کی ملازم ہیں اور وہ اس کورس کے ذریعے اپنی فوٹوگرافی کی صلاحیتیں بہتر بنانا چاہتی ہیں۔ ان کے بقول "میں ایک ایسی تصویر بنانا چاہتی ہوں جو ایک کامیاب کاروباری خاتون کی عکاسی کرے۔"

کورس کرنے والے دیگر کچھ طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کے قائل ہیں کہ خوب صورت تصاویر ان کی مصنوعات فیس بک پر فروخت کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ ویتنام میں پانچ کروڑ 30 لاکھ سے زائد فیس بک صارفین ہیں جو ملکی آبادی کا تقریباً نصف حصہ بنتا ہے۔ ویتنام میں فیس بک چھوٹے کاروباروں کے لیے مارکیٹنگ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

XS
SM
MD
LG