سوشل میڈیا پر خواتین کو میک اپ کے ٹپس دینے والی ایک عرب خاتون اب اپنا ایک میک اپ برینڈ چلا رہی ہیں جس کی مالیت سوا ارب ڈالر کو پہنچ چکی ہے۔
36 سالہ ارب پتی ہدا قطان کی کہانی بڑی دلچسپ ہے۔ وہ کسی امیر گھرانے سے تعلق نہیں رکھتیں۔ ان کے والدین عراق سے امریکی ریاست اوکلاہاما آئے تھے۔ ہدا 1983 میں اوکلاہاما میں پیدا ہوئیں۔ 2006 میں ان کا خاندان روزگار کے سلسلے میں دبئی منتقل ہو گیا۔ اس دوران انہوں نے ایک بیوٹی کمپنی میں میک اپ آرٹسٹ کے طور پر ملازمت کر لی۔
سن 2010 میں انہوں نے سوشل میڈیا پر میک اپ سے متعلق ویڈیو ٹپس دینا اور بلاگ لکھنا شروع کیا جو خواتین میں تیزی سے مقبول ہوا۔
یہی وہ وقت تھا جب انہوں نے خطرات مول لیتے ہوئے ایک بڑا فیصلہ کیا۔ انہوں نے نوکری چھوڑ کر اس توقع کے ساتھ اپنی ایک کاسمیٹک کمپنی شروع کی کہ سوشل میڈیا پر ان کے فالورز ان کی پراڈکٹس خریدیں گے۔
ہدا کا اندازہ صحیح نکلا اور 2013 میں دبئی میں قائم ہونے والی کاسمیٹکس کی کمپنی’’ ہدا بیوٹی‘‘تیزی سے مقبولیت کی سیڑھیاں چڑھنے لگی اور ان کے پروڈکٹس کو ہاتھوں ہاتھ لیا جانے لگا۔
ایک خلیجی ملک میں قائم ہونے والی کاسمیٹکس کی کمپنی نے اپنے شعبے کی پرانی اور بڑی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والی ایک بین الاقوامی کمپنی یورو مانیٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ ہدا بیوٹی 2018 سے 2023 کی مدت کے دوران 7.2 فی صد کی رفتار سے ترقی کرے گی اور 2023 میں کمپنی کی مالیت 3 ارب ڈالر سے بڑھ جا ئے گی۔ یہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب یورپ اور امریکہ کے معروف بیوٹی برینڈز کی فروخت ان کی اشتہاری مہمات کے باوجود گر رہی ہے۔
دلچسپ بات ہہ ہے کہ ہدا میڈیا اور دوسرے ذرائع ابلاغ پر اپنی پراڈکٹس کی تشہیر پر توجہ نہیں دیتیں۔ بلکہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے براہ راست اپنے فالورز تک پہنچتی ہیں۔
ہدا بیوٹی کے پراڈکٹس کی مقبولیت میں سوشل میڈیا پر قطان کی فعالیت کا بڑا ہاتھ ہے۔ 2019 میں انسٹاگرام پر ان کے فالورز کی تعداد چار کروڑ کے لگ بھگ تھی۔ جب کہ فیس بک پر بھی ان کے فالورز ایک کروڑ کے قریب ہیں۔
اس وقت ہدا کی کمپنی 140 سے زیادہ پراڈکٹس بنا رہی ہے۔ ان کی زیادہ تر پراڈکٹس مشرق وسطیٰ کی خواتین کی پسند اور رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان میں شوخ رنگوں کا تناسب زیادہ ہوتا ہے۔ جب کہ یورپ اور امریکہ میں ہلکے اور فطرت کے قریب تر رنگوں کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود ہدا بیوٹی پراڈکٹس یورپ اور امریکہ میں بھی نہ صرف دستیاب ہیں بلکہ ان کی فروخت مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ہدا کہتی ہیں کہ ان کے پروڈکٹس اس لیے مقبول ہیں کیونکہ ان کا تعلق خوبصورتی سے نہیں ہے بلکہ اپنی ذات کے اظہار سے ہے۔
ہدا قطان کی مارکیٹنگ کا طریقہ بھی منفرد ہے۔ وہ اپنے میک اپ پراڈکٹس کے استعمال سے متعلق ویڈیوز یو ٹیوب پر اپ لوڈ کر دیتی ہیں جس سے خواتین کو ان کے پراڈکٹس کے بہتر نتائج حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
فوربز میگزین نے 2017 میں ہدا قطان کو’ دنیا ئے حسن‘ کی 10 سب سے بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کیا تھا اور ٹائم میگزین نے انہیں انٹرنیٹ کی 25 بااثر ترین شخصیت قرار دیا تھا۔
ہدا بیوٹی کی پراڈکٹس لائن میں لپ اسٹکس، آئی شیڈز، فاؤنڈیشن اور ہائی لائٹرز سمیت خوبصورتی سے متعلق دیگر اشیا شامل ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پرفیومز کی ایک لائن بھی متعارف کرائی ہے۔ اس شعبے کی قیادت ان کی بہن مونا قطان کے پاس ہے۔
وہ سکن کیئر کی پراڈکٹس بھی جلد شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ سچ یہ ہے کہ میری سکن کبھی بھی بہت اچھی نہیں تھی اور میں ہمیشہ سے یہ چاہتی تھی کہ مجھے میک اپ استعمال نہ کرنا پڑے۔ اور اب میں زندگی میں پہلی بار یہ محسوس کر رہی ہوں کہ وہ وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ میک اپ کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کی خواہش ہونی چاہیے۔